آؤشوِٹس کا سابقہ نازی کیمپ: نمائش کا افتتاح نیتن یاہو کریں گے
5 جون 2013دوسری عالمی جنگ کے دوران جرمن نازیوں نے آؤشوِٹس بِرکیناؤ کا یہ کیمپ چند دیگر اذیتی کیمپوں کی طرح مقبوضہ پولینڈ میں قائم کیا تھا۔ وہاں کئی عشروں سے قائم عجائب گھر میں اب ایک ایسی نئی نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے، جس کا افتتاح اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو اپنے پولینڈ کے ایک دورے کے دوران کریں گے۔
اس نمائش کے منتظمین کی طرف سے وارسا میں بتایا گیا کہ نمائش کے افتتاح کے لیے وزیر اعظم نیتن یاہو 13 جون کو پولینڈ کا دورہ کریں گے۔ اس نمائش کی تیاری میں چار سال کا عرصہ لگا۔ اس کا انتظام اسرائیل کے یاد واشَیم ہولوکاسٹ انسٹیٹیوٹ کے پاس ہے، جس کی طرف سے وارسا میں بتایا گیا، ’’اس نمائش میں آؤشوِٹس میں قتل عام کو نازیوں کی اُس وسیع تر منظم کوشش کے پس منظر میں دکھانے کی کوشش کی گئی ہے، جس کا مقصد یہودیوں کو ختم کرنا تھا۔‘‘
Shoah نامی اِس نمائش کا اہتمام اس سابقہ نازی کیمپ کے بلاک نمبر 27 میں کیا گیا ہے۔ یہ بلاک آؤشوِٹس کے اذیتی کیمپ کا وہ سب سے پرانا حصہ ہے، جو نازی جرمنوں نے مقبوضہ پولینڈ کے جنوب میں واقع قصبے اوشوِیچِیم میں قائم کیا تھا۔ اس نمائش کا افتتاح پہلے نو مئی کو کیا جانا تھا مگر انتظامی وجوہات کی بنا پر اس میں تاخیر لازمی ہو گئی تھی۔
آؤشوِٹس بِرکیناؤ ان اذیتی کیمپوں میں سے بدنام ترین ہے، جو نازیوں نے قائم کیے تھے۔ وہاں 1940ء اور 1945ء کے درمیان 1.1 ملین انسانوں کو قتل کیا گیا تھا۔ ان میں سے اکثریت یہودیوں کی تھی۔
اسی کیمپ میں جن دیگر ہزار ہا انسانوں کو قتل کیا گیا تھا، ان میں پولینڈ کے غیر یہودی شہری، سوویت جنگی قیدی، یورپی خانہ بدوش اور نازیوں کے خلاف مسلح مزاحمت کرنے والے ایسے بے تحاشا جنگجو بھی شامل تھے جنہیں یورپ بھر سے اس کیمپ میں پہنچایا جاتا تھا۔
آؤشوِٹس کے عجائب گھر میں بہت سے دیگر ملکوں نے بھی اپنی اپنی طرف سے مستقل نمائشوں کا اہتمام کر رکھا ہے۔ ان ملکوں میں روس، فرانس اور پولینڈ بھی شامل ہیں۔
mm/ij (AFP)