آؤگس برگ آخر جیت ہی گئی
4 نومبر 2013گیارہویں میچ ڈے کے آخری روز اتوار کو کھیلے گئے ایک میچ میں آؤگس برگ نے مائنز کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔ آؤگس برگ کی اس جیت میں مِڈ فیلڈر آندرے ہان نے اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے اپنی ٹیم کی جانب سے پہلا گول کھیل کے 27ویں منٹ میں اور دوسرا 49ویں منٹ میں کیا۔
اس کے بعد مائنز کے کھلاڑی ایرک میکسم نے 59ویں منٹ میں ایک گول کر کے اپنی ٹیم کی ہمت بندھائی۔ تاہم کھیل ختم ہونے تک جیت کے لیے ان کی اُمید بھر نہ آئی اور ہان کی محنت ہی رنگ لائی۔
مائنز نے یہ میچ دس کھلاڑیوں پر ختم کیا۔ اس کے گول کیپر کرسٹیان ویٹکلو کو آرکادیوس میلیک کو گرانے پر 88ویں منٹ میں ریڈ کارڈ دکھا کر باہر کر دیا گیا۔
اس جیت نے آؤگس برگ کی ٹیم میں ایک نئی جان ڈال دی ہے۔ یہ ٹیم گزشتہ پانچ میچز میں فتح سے دُور رہی ہے۔ اس کے کوچ مارکوس وائنسیئرل نے کہا: ’’آخر میں یہ بہت اعصاب شکن تھا، کیونکہ گزشتہ کچھ ہفتوں سے ہم آخری لمحات پر گول کھاتے آ رہے تھے۔ تاہم پہلے ہاف میں ہم نے زبردست کھیل کا مظاہرہ کیا۔‘‘
مائنز کے لیے ہوم گراؤنڈ سے باہر یہ چوتھی مسلسل شکست تھی۔ اس کے کوچ تھوماس ٹُشل کا کہنا تھا: ’’ہم چاہتے تھے کہ یہاں سے کم از کم ایک پوائنٹ لے کر جائیں اور ہمیں مایوسی ہوئی کہ ہم ایسا نہیں کر سکے۔‘‘
بریمن نے ہینوور کو تین دو سے شکست دی۔ کھیل ختم ہونے سے کچھ دیر پہلے تک یہ میچ دو دو گول سے برابر چلا آ رہا تھا۔ تاہم سانتیاگو گارسیا نے چار منٹ قبل ایک گول کر کے اپنی ٹیم کو جیت دلائی۔ بنڈس لیگا میں یہ ان کا پہلا گول تھا۔
بنڈس لیگا کے گیارہویں میچ ڈے کے پہلے میچ میں ڈورٹمنڈ نے اشٹٹ گارٹ کو ایک کے مقابلے میں چھ گول سے شکست دی تھی۔ یہ جیت ڈورٹمنڈ کو بنڈس لیگا کے ٹیبل پر پہلے نمبر پر لے گئی تھی۔ تاہم ایک روز بعد ہفتے کو بائرن میونخ نے ہوفن ہائیم کو دو ایک سے شکست دے کر ڈورٹمنڈ سے اپنی پوزیشن واپس حاصل کر لی۔
اب ڈورٹمنڈ پھر سے دوسرے نمبر پر ہے جبکہ تیسرے اور چوتھے نمبر پر بالترتیب لیورکوزن اور مؤنشن گلاڈ باخ ہیں۔