1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آنکھ مچولی جاری، نجم سیٹھی دوبارہ بحال

امتیاز احمد21 مئی 2014

پاکستانی سپریم کورٹ نے نجم سیٹھی کو دوبارہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کے طور پر بحال کر دیا ہے۔ ابھی چار روز پہلے ہی ایک ماتحت عدالت نے ذکاء اشرف کو اسی عہدے پر بحال کیا تھا۔

https://p.dw.com/p/1C3fU
تصویر: DW/T.Saeed

گزشتہ روز پاکستانی حکومت نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے اس فیصلے کو سُپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا، جس کے بعد آج سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے ہفتے کے فیصلے کو معطل کر نے کا فیصلہ سنایا۔ سپریم کورٹ کے جج انور ظہیر جمالی کا کہنا تھا کہ اس کیس سے متعلق آئندہ سماعت ستائیس مئی کو ہوگی لیکن تب تک سیٹھی پی سی بی کے سربراہ ہوں گے اور مینیجمنٹ کمیٹی بھی فعال رہے گی۔

ہفتے کے روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزیراعظم نواز شریف کی طرف سے مقرر کردہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے لیے انتظامی کمیٹی کو معطل کرتے ہوئے ذکاء اشرف کو ایک بار پھر چیئرمین کے عہدے پر بحال کر دیا ہے۔ نوازشریف نے ذکاء اشرف کو رواں برس 10 فروری کو برطرف کرتے ہوئے نجم سیٹھی کی سربراہی میں ایک کمیٹی کو بورڈ کے معاملات سونپ دیے تھے۔ گزشتہ برس مئی کے بعد سے یہ تیسرا موقع تھا کہ ذکاء اشرف کو اس عہدے پر بحال کیا گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ کے عہدے پر بحال ہوتے ہی ذکاء اشرف نے کہا تھا کہ وہ گزشتہ انتظامیہ کی طرف سے کیے گئے تمام فیصلوں کا از سر نو جائزہ لیں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کا بحران گزشتہ برس مئی میں سامنے آیا تھا، جب ایک سابق کرکٹر کی ہی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ نےذکاء اشرف کو چیئرمین بنانے کے لیے ہونے والے ’انتخابات‘ کو مشکوک قرار دیتے ہوئے انہیں عہدے سے الگ کر دیا تھا۔ جون میں ان کی جگہ نجم سیٹھی کو چیئرمین مقرر کیا گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ نجم سیٹھی پر یہ الزام بھی عائد کیا جاتا ہے کہ انہیں نواز حکومت کی وسیع تر حمایت حاصل ہے۔ آج کے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد نجم سیٹھی کا فوری طور پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا، ’’یہ میوزیکل چیئر کا کھیل کھیلنے والوں کے لیے ایک واضح پیغام ہے۔ ہم سپریم کورٹ کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔‘‘

اسی موقع پر پاکستانی صحافی شکور رحیم نے نجم سیٹھی سے دو کروڑ روپے کا ٹیکس معاف کروانے سے متعلق سوال پوچھا، جس پر وہ خاصے برہم نظر آئے۔ انہوں نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس سوال کے خلاف عدالت میں بھی جا سکتے ہیں۔ اس سوال کے بعد وہ صحافیوں سے اپنی گفتگو ادھوری چھوڑ کر چلے گئے۔

یاد رہے کہ نجم سیٹھی کی سربراہی میں PCB کی انتظامیہ نے متعدد اہم تبدیلیاں لاتے ہوئے معین خان کو چیف سلیکٹر اور مینیجر جبکہ وقار یونس کو ہیڈ کوچ نامزد کیا گیا تھا۔