1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسرائیل میں دنیا کا پہلا زیر زمین راکٹ پروف بلڈ بینک

8 مئی 2022

اسرائیل میں دنیا کے پہلے زیر زمین 'راکٹ پروف‘ بلڈ بینک کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔ اس عمارت کا افتتاح اسی ہفتے کیا گیا۔ یہاں باقاعدہ خدمات کا آغاز اس سال کے اواخر میں کیا جائے گا۔

https://p.dw.com/p/4Ap7V
تصویر: picture-alliance/dpa/S. Hoppe

میگن ڈیوڈ ایڈم (ایم ڈی اے) نامی طبی تنظیم نے اپنے ایک بیان میں اسرائیلی صدر آئزک ہرزوگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے، ''ایک مکمل اجنبی شخص سے خون کے عطیے جیسے انمول تحفے کا حصول اس بات کی واضح یاد دہانی ہے کہ ہم تمام انسانیت کی ایک جیتی جاگتی اور سانس لیتی لڑی کا حصہ ہیں، جسے اس شاندار مرکز کے ‌زریعے تحفظ فراہم کیا گیا ہے۔‘‘   

 ایک ترجمان کے مطابق 'مارکس نیشنل بلڈ سروسز سینٹر' ایم ڈی اے کو  خون کے عطیات  کو محفوظ بنانے کے لیے اس طرز پر ڈیزائن کیا گیا ہے، جس سے وہ میزائل، کیمیائی و حیاتیاتی حملوں اور زلزلوں سے محفوظ رہ سکے۔"

Blutkonserven
تصویر: Fotolia

اس بلڈ بینک کی عمارت چھ منزلہ ہے، جن میں سے تین ز‌‍‍‍‌یر زمین ہیں۔ اس کی تعمیر پر ایک سو پینتیس ملین یورو کا خرچ آیا ہے، جو ایم ڈی اے کی ایک دوست امریکی تنظیم نے برداشت کیا ہے۔ اسرائیلی اخبار دی یروشلم پوس‍ٹ کے مطابق اس مرکز میں خون کے پانچ لاکھ عطیات محفوظ کرنے کی گنجائش موجود ہے۔

ماضی میں میزائل حملوں کی وجہ سے ہنگامی طبی امداد مہیا کرنے والوں کو خون کے عطیات کی ترسیل میں مسائل کا سامنا کرنا پڑا تھا اور ایسی صورتحال میں خون کے عطیات کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جاتا تھا۔

ایم ڈی اے کے ترجمان کے مطابق مارکس نیشنل بلڈ سروسز سینٹر جنگ اور امن کے دور میں لاکھوں زندگیاں بچانے کا باعث بنے گا۔

خون عطیہ کرنے والے اس نئے مرکز کی دیواروں پر خاص طور سے سیمنٹ کی موٹی تہہ موجود ہے اس کے علاوہ حیاتیاتی حملے کی صورت میں بچاؤ کے لیے متعدد دیگر حفاظتی اقدامات بھی اٹھائے گئے ہیں۔

اسرائیل کو غزہ کی پٹی سے فلسطینی عسکریت پسندوں کی جانب سے بارہا میزائل حملوں کا سامنا کرنا پڑا ہے، اس کے علاوہ اسے ایران کی طرف سے بھی میزائل حملوں کا خدشہ رہتا ہے۔

(ش ر، ع ا)