افغانستان میں نیٹو کا ایک مشن ختم ہونے، دوسرا شروع ہونے کو
28 دسمبر 2014کئی تجزیہ نگاروں کی رائے میں افغانستان میں بین الاقوامی حفاظتی فوج یا آئی سیف کہلانے والے نیٹو کے فوجی دستوں کے اس مشن کے مقاصد تو واضح تھے لیکن اس کی کامیابیوں اور خامیوں کے بارے میں بین الاقوامی رائے ابھی بھی متضاد اور منقسم ہے۔
نیٹو کی قیادت میں آئی سیف کا یہ مشن 2014 کے اختتام پر مکمل ہو جائے گا۔ گزشتہ کئی مہینوں سے نیٹو کے مسلح دستے اپنے کیمپوں کو خالی کرنے میں مصروف تھے۔ ان فوجیوں اور ان کے عسکری ساز و سامان کا زیادہ تر حصہ پہلے ہی ان کے ملکوں میں واپس پہنچ چکا ہے۔
امریکا نے نائن الیون کے دہشت گردانہ حملوں کے چند ہفتوں بعد ہی افغانستان میں اُس وقت فوجی مداخلت کی تھی جب وہاں طالبان کی حکومت قائم تھی۔ پھر ISAF کا فوجی مشن کابل سے دسمبر 2001 میں شروع ہوا تھا۔ ایک وقت ایسا بھی تھا کہ نیٹو کی قیادت میں آئی سیف کے اس فوجی مشن کا دائرہ پورے افغانستان تک پھیلا دیا گیا تھا۔ تب ہندوکُش کی اس ریاست میں قریب پچاس ملکوں کے ایک لاکھ تیس ہزار سے زائد فوجی تعینات تھے۔
یہ مشن نیٹو کی تاریخ کا سب سے بڑا فوجی مشن بھی تھا۔ یہ مشن اقوام متحدہ کی طرف سے دیے گئے مینڈیٹ کے تحت مکمل کیا گیا۔ مقصد طالبان دور کے بعد کے افغانستان کی تعمیر اور وہاں جمہوریت کو مضبوط بنانا بھی تھا۔ انٹرنیشنل فورسز کو یہ بات بھی یقینی بنانا تھی کہ افغانستان دوبارہ بین الاقوامی دہشت گردوں کا گڑھ نہ بنے۔
نیٹو کے سیکرٹری جنرل سٹولٹن برگ کے مطابق نیٹو دستوں نے افغانستان میں وہ کچھ کیا جو ان کا فرض تھا، افغانستان کو مضبوط بنانا اور اپنے ملکوں کو زیادہ محفوظ بنانا۔ لیکن 2001ء میں نیٹو کے موجودہ فوجی مشن سے پہلے اگر بہت زیادہ امیدیں لگائی گئی تھیں تو 2014 کے اختتام پر اسی ملک میں نیٹو کے ایک نئے مشن کے آغاز سے پہلے اب محتاط امید پسندی دیکھنے میں آ رہی ہے۔
القاعدہ کا سربراہ اسامہ بن لادن مئی 2011 میں پاکستانی شہر ایبٹ آباد میں ایک خفیہ امریکی فوجی آپریشن میں مارا گیا۔ افغانستان میں سکیورٹی کی ذمے داریاں بھی اب نیٹو دستوں سے افغان فورسز کو منتقل ہو چکی ہیں۔ افغانستان میں عسکریت پسندوں کو ابھی پوری طرح شکست نہیں ہوئی۔ اکتوبر 2013 میں سابق افغان صدر حامد کرزئی نے کہا تھا کہ افغانستان ابھی محفوظ نہیں ہے۔
کئی ماہرین کہتے ہیں کہ افغانستان میں جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی۔ وہاں گزشتہ تیرہ برسوں میں تین ہزار چار سو سے زائد اتحادی فوجی مارے گئے، جن میں 55 جرمن فوجی بھی شامل تھے۔ لیکن افغانستان میں طالبان کے حملوں میں صرف اسی سال کے دوران نومبر کے وسط تک چھ ہزار کے قریب افغان فوجی اور پولیس اہلکار بھی مارے گئے۔ اس کے علاوہ بہت بڑی تعداد میں اس ملک کے عام شہری بھی۔
افغانستان میں یکم جنوری 2015 کے بعد بھی قریب بارہ ہزار غیر ملکی فوجی تعینات رہیں گے، جن کا فرض افغان دستوں کی عسکری تربیت اور فوجی مشاورت ہو گا۔ ایک امریکی لیفٹیننٹ جنرل جوزف اینڈرسن نے اخبار نیو یارک ٹائمز کو بتایا، ‘‘میں نہیں جانتا کہ میں اس وقت زیادہ امید پسند ہوں کہ کم امید۔‘‘