1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغانستان میں پاکستانی قونصل خانے کے ملازم کا قتل

عابد حسین
6 نومبر 2017

افغان صوبے ننگرہار میں قائم پاکستانی قونصلیٹ کے ایک ملازم کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ اس پاکستانی شہری کو نامعلوم مسلح افراد نے گولیاں مار کر قتل کیا۔

https://p.dw.com/p/2n8JT
Pakistan Afghanistan NATO Fahrzeuge werden an der Grenze festgehalten
تصویر: AP

مشرقی افغان صوبے ننگرہار کے گورنر کے ترجمان عطا اللہ خوگیانی نے نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی قونصل خانے کے ايک ملازم کو ہلاک کر دیے جانے کی تصدیق کی ہے۔ پاکستانی ذرائع ابلاغ پر مقتول ملازم کا نام نیر اقبال بتایا گیا ہے۔

ترجمان عطا اللہ خوگیانی نے اس واقعے کی تفصیلات نہیں بتائی ہیں۔ صرف اتنی معلومات پر اکتفا  کیا کہ وہ جلال آباد شہر کے کسی بازار میں خریداری کے لیا گیا ہوا تھا۔

Afghanistan Reisepass
مقتول ملازم پاکستانی قونصل خانے میں افغان شہریوں کو ویزا جاری کرنے کے شعبے میں متعین تھاتصویر: Getty Images/AFP/A. Majeed

دوسری جانب پاکستانی میڈیا کے مطابق مقتول نیر اقبال شام کی نماز پڑھ کر گھر لوٹ رہا تھا کہ راستے میں اُسے گولیاں مار دی گئیں۔ اطلاعات کے مطابق مقتول کو حملہ آوروں کی کم از کم چھ گولیاں لگی تھیں۔ اُس کی لاش کو شہر کے ہسپتال میں پوسٹ مارٹم کے لیے پہنچا ديا گیا ہے۔

تاحال کسی بھی گروپ نے اس قتل کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

نیر اقبال جلال آباد کے پاکستانی قونصل خانے کے ویزا دفتر میں متعین تھا۔ اُس کا تعلق پاکستانی شہر سیالکوٹ سے بتایا گیا ہے۔

جلال آباد میں قائم پاکستانی قونصل خانے کی جانب سے اپنے ملازم کی ہلاکت پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔