1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغانستان: ہیلی کاپٹر حادثے، 14 امریکی فوجی ہلاک

26 اکتوبر 2009

پیر کی صبح افغانستان میں امریکی ہیلی کاپٹروں کے سلسلے وار حادثوں میں مجموعی طور پر 11 فوجیوں سمیت 14 امریکی شہری ہلاک ہو گئے۔

https://p.dw.com/p/KFSM
تصویر: AP

امریکی فوج نے ان خبروں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مغربی افغانستان میں ایک امریکی فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا۔ اس حادثے میں امریکہ کے سات فوجی اور تین شہری ہلاک ہوئے۔ دوسری جانب جنوبی افغانستان میں بھی دو امریکی فوجی ہیلی کاپٹروں کے تصادم میں چار فوجی مارے گئے۔ فوجی ہیلی کاپٹروں کے حادثات کے ان دو مختلف واقعات میں مجموعی طور پر 12 امریکی اور 14 افغان شہری زخمی بھی ہوئے۔

امریکی انتظامیہ نے مغربی افغان صوبے بادغیس میں رونما ہونے والے ہیلی کاپٹر حادثے میں عسکریت پسندوں کے ملوث ہونے کے امکان کو مسترد کر دیا ہے تاہم فی الحال حادثے کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی۔ دریں اثناء طالبان نے بادغیس میں ایک فوجی ہیلی کاپٹر پر حملے کا دعویٰ کیا ہے۔ تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہو سکا کہ آیا یہ دعویٰ اسی واقعے کے حوالے سے کیا گیا ہے۔

مغربی دفاعی اتحاد نیٹو نے بھی مغربی افغانستان میں امریکی فوجی ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والے حادثے کی تصدیق کر دی ہے۔ نیٹو کے ایک ترجمان کے مطابق یہ حادثہ عسکریت پسندوں کی کسی کارروائی کا نتیجہ نہیں ہے۔ نیٹو نے اپنے بیان میں ’نامعلوم وجوہات‘ کو حادثے کا سبب قرار دیا۔ ’’ہم حادثے کی وجوہات جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔ تاہم ہم تصدیق کرتے ہیں کہ یہ حادثہ متعلقہ ہیلی کاپٹر پر کسی حملے کے نتیجے میں پیش نہیں آیا۔‘‘

ان ہلاکتوں کے بعد افغانستان میں رواں برس ہلاک ہونے والے غیر ملکی فوجیوں کی تعداد 424 ہو گئی ہے۔ ان میں شامل امریکی فوجیوں کی تعداد 256 بنتی ہے۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید