افغان صدارتی الیکشن: عبداللہ عبداللہ کا گنتی رکوانے کا مطالبہ
19 جون 2014جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے کے مطابق افغانستان کے آزاد الیکشن کمیشن نے صدارتی امیدوار عبداللہ عبداللہ کے اُس مطالبے کو مسترد کر دیا ہے، جس میں گنتی کے عمل میں مبینہ دھاندلی کا الزام لگایا گیا تھا۔ افغان الیکٹورل کمیشن کے ترجمان نور محمد نور کا کہنا ہے کہ دوسرے مرحلے میں ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی مقامی اور غیر ملکی مبصرین کی موجودگی میں جاری ہے اور اِس صورت میں دھاندلی یا بوگس ووٹوں کے شامل کرنے کا کوئی امکان موجود نہیں ہے۔ ترجمان نے یہ بھی کہا کہ ووٹوں کی گنتی کا عمل قانونی ہے اور یہ روکا نہیں جا سکتا۔
افغانستان کے آزاد الیکشن کمیشن کی جانب سے دونوں صدارتی امیدواروں اشرف غنی اور عبداللہ عبداللہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گنتی کے عمل کے دوران ممکنہ نتیجے کے بارے میں اندازے لگانے کے عمل سے اجتناب کریں۔ عبدالللہ عبداللہ نے دھاندلی کے مبینہ الزامات کے تناظر میں اپنے انتخابی عملے کو ووٹوں کی گنتی سے واپس بلانے کا بھی اعلان کیا ہے۔ اِس کے علاوہ انہوں نے ووٹوں کی گنتی کے عمل کے جائز اور درست ہونے کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ عبداللہ عبداللہ نے گنتی کو فوری طور پر روک کراُن کے الزامات کے بارے میں تفتیشی عمل شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
صدارتی امیدوار اور سابق وزیر خارجہ عبداللہ عبداللہ نے مطالبے میں یہ بھی شامل کیا ہے کہ دوسرے مرحلے کی گنتی روک کر ایک مشترکہ کمیشن تشکیل دیا جائے اور اِس کمیشن کی سربراہی اقوام متحدہ کو تفویض کی جائے جو گنتی کے عمل کی نگرانی کرے۔ دوسرے صدارتی امیدوار اشرف غنی کے انتخابی کیمپ نے غنی کے حریف کے مبینہ الزامات کو جلد بازی کا نمونہ قرار دیا ہے۔ ماہرِ اقتصادیات اشرف غنی کے مشیر عباس نویان کا کہنا ہے کہ اگر اُن کے حریف کے الزام کا اشارہ اُن کی جانب ہے تو وہ اِس الزام کو پوری طرح رد کرتے ہیں۔
دھاندلی کے مبینہ الزامات کے حوالے سے امریکا اور اقوام متحدہ کی جانب سے دونوں امیدواروں (اشرف غنی اور عبداللہ عبداللہ) سے کہا گیا ہے کہ وہ آزاد الیکشن کمیشن کو وقت دیں اور اُس کے عمل میں واقعی خلل ہو تو پھو احتجاج کی آواز بلند کی جائے۔ اقوام متحدہ کے افغانستان میں امن مشن کے ترجمان ایری گیتانس نے بھی عبد اللہ عبداللہ کی جانب سے ووٹوں کی گنتی میں تعاون معطل کرنے کی تصدیق کی ہے۔
اقوام متحدہ کے امن مشن کے بیان میں عبداللہ عبداللہ کے تعاون معطل کرنے کے اقدام پر افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ سن 2009 کے صدارتی الیکشن کے دوسرے مرحلے میں بھی عبداللہ عبداللہ نے دھاندلی اور کرپشن کے الزامات عائد کر کے ووٹوں کی گنتی کا بائیکاٹ کر دیا تھا۔