1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغان صدارتی الیکشن کا دوسرا مرحلہ

عابد حسین14 جون 2014

شورش زدہ ملک افغانستان میں صدارتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ آج مکمل کیا جائے گا۔ آج ہونے والی پولنگ پر طالبان عسکریت پسندوں کے ممکنہ حملوں کا خوف چھایا ہوا ہے اور پولنگ پر فراڈ کے سائے بھی لہرا رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/1CIFb
اشرف غنی اور عبداللہ عبداللہتصویر: picture-alliance/dpa

آج ہفتے کے روز افغانستان میں صدارتی الیکشن کے دوسرے اور حتمی مرحلے میں ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کر یں گے۔ پہلے مرحلے کی طرح اندازہ لگایا گیا ہے کہ ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے میں کئی دن لگ سکتے ہیں۔ دو جولائی کو افغانستان کا آزاد الیکٹورل کمیشن عبوری نتیجے کا اعلان کرے گا۔ حتمی نتیجہ بائیس جولائی کو عام کیا جائے گا۔ حتمی نتیجے کے بعد ہی نیا صدر اپنی ذمہ داریاں سنبھال سکے گا۔

Abdullah Abdullah nach dem Anschlag in Kabul 06.06.2014
سابق وزیر خارجہ اور تاجک نژاد عبداللہ عبداللہ اپنے ساتھیوں کے ہمراہتصویر: Reuters

افغان ووٹرز سابق وزیر خارجہ اور تاجک نژاد عبداللہ عبداللہ اور پشتو آبادی سے تعلق رکھنے والے سابق وزیر خزانہ اشرف غنی میں سے کسی ایک کو اپنے ملک کا صدر چنیں گے۔ آج منتخب ہونے والا صدر حامد کرزئی کی جگہ منصبِ صدارت پر بیٹھے گا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق نئے صدر کے لیے منصب صدارت آسان نہیں ہو گا بلکہ نئے صدر کو کئی مشکل چیلنجز کا سامنا کرنا ہو گا۔ اس میں سب سے اہم رواں برس کے اختتام پر بین الاقوامی فوجیوں کا انخلا ہے۔

آج کے انتخابات میں ووٹرز کو طالبان عسکریت پسندوں کی نئی دھمکیوں کا سامنا ہے۔ افغان وزیر داخلہ عمر داؤد زئی کے مطابق دوسرے مرحلے کے لیے دھمکیوں کی نوعیت زیادہ شدید ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ صدارتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں افغان عوام نے ووٹنگ میں بڑھ چڑھ کر حصہ یا تھا اور طالبان کی دھمکیوں کو نظرانداز کر دیا تھا۔ اس کے علاوہ امیدواروں اور اُن کے حامیوں کو ووٹنگ کے دوران فراڈ اور پولنگ کی بے ضابطگیوں کے خطرے کا بھی شدت سے احساس ہے۔ سن 2009 میں حامد کرزئی اور عبداللہ عبداللہ کے درمیان ہونے والے صدارتی الیکشن کے دوران بےضابطگیوں کے سنگین الزامات اٹھائے گئے تھے۔

Wahl Afghanistan 2014 Ashraf Ghani
سابق وزیر خزانہ اشرف غنیتصویر: W.Kohsar/AFP/GettyImages

افغانستان کا الیکٹورل کمیشن اور کابل حکومت کے بین الاقوامی حلیف پہلے مرحلے کی طرح آج ہفتے کے روز بھی انتخابی عمل میں عوام کو جوق در جوق شریک ہوتا دیکھنا چاہتے ہیں۔ پہلے مرحلے میں طالبان کی دھمکیوں اور مختلف پرتشدد واقعات کے باوجود ڈالے گئے ووٹوں کا تناسب پچاس فیصد سے زائد تھا اور اِسے ایک بڑی کامیابی سے تعبیر کیا گیا تھا۔ اسی طرح پولنگ فراڈ کے تناظر میں افغانستان میں اقوام متحدہ کے مشن کے سربراہ جان کیوبِس نے امیدواروں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ پولنگ پر نظر رکھیں تاکہ سابقہ الیکشن کی طرح بیلٹ بکسوں کو جعلی ووٹوں سے بھرا نہ جائے۔

مبصرین کا خیال ہے کہ ہفتے کے صدارتی الیکشن کی تکمیل پر سن 2001 کے بعد پہلی مرتبہ اقتدار کی جمہوری انداز میں منتقلی کو بین الاقوامی برادری کی افغانستان میں جاری سیاسی و معاشرتی پروگراموں کی کامیابی سے نتھی کیا جا سکتا ہے۔ ایسا بھی خیال کیا گیا ہے کہ اقتدار کی منتقلی سے یقینی طور پر طالبان عسکریت پسندوں کی پرتشدد کارروائیوں پر منفی اثرات مرتب ہوں گے اور عوام پرامید انداز میں مستقبل کی جانب دیکھ سکیں گے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید