افغان صدارتی انتخابات کے لیے پولنگ کا آغاز
5 اپریل 2014آج کے صدارتی الیکشن میں بارہ ملین رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکتے ہیں لیکن عسکریت پسند تنظیم طالبان کی مسلح کارروائیوں اور دھمکیوں کے تناظر میں ٹرن آؤٹ کم رہ سکتا ہے۔ حالیہ پرتشدد کارروائیوں کی وجہ سے سارے افغانستان میں انتخابات کے موقع پر حکومت نے سکیورٹی کو ہائی الرٹ کر رکھا ہے۔
افغان وزیر داخلہ عمر داؤد زئی کے مطابق قریباً چار لاکھ افغان سیکورٹی فورسز پورے ملک میں پولنگ کی نگرانی کے لیے تعینات کیے گئے ہیں۔ اِن میں فوج، پولیس اور خفیہ اداروں کے اہلکار شامل ہیں۔
موجودہ صدر حامد کرزئی مسلسل دو مرتبہ صدر رہنے کے بعد تیسری مدت کے لیے دستور کے تحت الیکشن میں شریک نہیں ہو سکتے۔ مبصرین کے خیال میں کرزئی منصب صدارت سے فارغ ہونے کے بعد بھی ایک بڑی سیاسی قوت کے طور پر افغان سیاسی منظر پر متحرک رہیں گے۔
بظاہر صدارتی الیکشن میں مقابلہ آٹھ افراد کے درمیان ہے لیکن اصل مقابلہ تین امیدواروں کے درمیان خیال کیا جا رہا ہے۔ ان میں دو سابق وزرائے خارجہ عبداللہ عبداللہ اور زلمے رسول کے ساتھ سابق وزیر خزانہ اشرف غنی فرنٹ لائن امیدوار ہیں۔ ایسے اندازے لگائے گئے ہیں کہ آج کا انتخابی عمل سن 2009 کے الیکشن سے خاصا بہتر ہو سکتا ہے۔
اگر کوئی امیدوار 50 فیصد مطلوبہ ووٹ حاصل نہ کر سکا تو سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے والے دو امیدواروں کے درمیان دوسرے مرحلے کے الیکشن 28 مئی کو ہوں گے۔
عبوری نتائج کا اعلان چوبیس اپریل تک متوقع ہے۔
طالبان عسکریت پسندوں نے انتخابات کو سبوتاژ کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہوا ہے۔ حالیہ کچھ عرصے میں طالبان کی جانب سے کابل پر متعدد حملے بھی کیے گئے، جن میں سے ایک حملہ افغان الیکشن کمیشن کے دفتر پر بھی کیا گیا۔ افغان حکام اور بین الاقوامی فورسز کی پوری کوشش ہے کے پولنگ کے دوران کوئی ناخوش گوار واقعہ رونما نہ ہو۔
امسال افغانستان سے نیٹو افواج بھی رخصت ہو رہی ہیں اور آئندہ صدر کے لیے ملک کی سلامتی کی صورت حال ایک بڑا امتحان ہوگی۔