افغان مہاجرین کی پاکستان سے وطن لوٹنے میں ہچکچاہٹ
4 ستمبر 2015اگر 31 دسمبر 2015 ء تک دونوں ہمسائے ممالک کے مابین اس بارے میں معاہدے طے نہیں ہو پایا تو پاکستان میں مقیم افغان مہاجرین کے شناختی کارڈز کی تاریخ انقضا میں دو سال کی توسیع بھی ممکن نہیں ہو گی۔ اس طرح 1.5 ملین اندراج شدہ افغان مہاجرین کو واپس وطن لوٹنا پڑے گا۔
وطن لوٹنے والے مہاجرین کے مسائل
کابل حکومت طالبان باغیوں کی جارحیت اور اُن کی بپا کی ہوئی شورش کا جزوی ذمہ دار پاکستان کو ٹھہراتی ہے۔ یہ صورتحال دونوں ملکوں کے تعلقات میں سرد مہری کا تو سبب بنی ہی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ پندرہ لاکھ افغان مہاجرین کے پاکستان میں قیام کی اجازت میں توسیع کا معاملہ بھی کھٹائی میں پڑتا نظر آ رہا ہے اور مزید قریب ایک ملین غیر اندراج شُدہ افغان مہاجرین کا مستقبل بھی غیر یقینی اور خطرے میں ہے۔
رحیم خان 28 برس بعد پاکستان سے افغانستان لوٹا ہے۔ اس 60 سالہ افغان کے لیے دوبارہ اپنے وطن آکر زندگی گزارنا کوئی آسان کام نہیں۔ قریب تین عشرے پہلے جنگ زدہ افغانستان سے فرار ہو کر پاکستان جانا اور وہاں زندگی کے اٹھائیس برس بتا کر دوبارہ اپنے ملک آنے کے بعد جس زندگی کا وہ خواب دیکھ رہا تھا وہ شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکا۔ ’’ پہلے ہمیں جنگ کی وجہ سے افغانستان چھوڑنا پڑا اب ہم دوبارہ جنگ اور بمباری دیکھنے کے لیے واپس آگئے ہیں‘‘۔ رحیم خان نے یہ بیان کابل کے نزدیک قائم ایک مہاجر کیمپ میں دیا جہاں پاکستان میں پیدا ہونے والے اُس کے پوتے پوتیوں کو سڑک کنارے نصب بموں اور بارودی سرنگوں کے خطرات کے بارے میں تعلیم دی جا رہی ہے۔ بنجر مٹی کے ٹیلوں کے پیچھے ایک قریبی فوجی علاقے میں ہونے والی مشقیں ، گولیوں اور دھماکوں کی آوازیں رحیم خان کو سوویت دور کی یاد دلا رہی ہیں۔
افغان مہاجرین کی یورپ کی طرف ہجرت
افغانستان عشروں سے حالت جنگ میں ہے اور ملک کی صورتحال بدستور خطرناک اور کشیدہ ہے۔ اس کے سبب ہزاروں افغان باشندے اب پڑوسی ملک پاکستان کی طرف نہیں بلکہ خطے کے دیگر ممالک خاص طور سے یورپ کی طرف ہجرت کر رہے ہیں۔ یورپی حکومتوں کو مہاجرین کے سیلاب سے شدید تشویش لاحق ہے۔ یورپ کی طرف محض افغان نہیں بلکہ مشرق وسطیٰ کے بحران زدہ علاقوں کے مہاجرین بھی بہت بڑی تعداد میں پناہ کی تلاش میں پہنچ رہے ہیں۔
رحیم خان اور اُن جیسے بہت سے افغان مہاجرین کے پاس اب پاکستان چھوڑ کر اپنے ملک کی طرف واپسی کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہے۔ رحیم خان کے بیٹے عبدالمنان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں اُنہوں نے زیادہ تر وقت بطور مزدور یا پھیری لگانے والے فروشندہ کے گزارا۔ اُن کی زندگیوں کا ایک ڈرامائی موڑ اُس وقت آیا جب گزشتہ دسمبر میں پاکستان کے شمال مغربی صوبے کے دارالحکومت پشاور کے ایک آرمی اسکول پر طالبان کے دہشت گردانہ حملے کے نتیجے میں کم از کم 141 بچوں کا قتل عام ہوا تھا۔