1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکہ کے مشرقی ساحلی علاقے برفانی طوفان کی زد میں

27 دسمبر 2010

شدید برفانی طوفان کی وجہ سے کئی امریکی شہروں میں معمول کی زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ ریل رابطے معطل ہیں، سڑکیں بند اور ہزاروں پروازیں ملتوی یا منسوخ کر دی گئی ہیں۔ عام شہری اور مسافر انتہائی پریشان ہیں۔

https://p.dw.com/p/zqPT
تصویر: AP

امریکہ کی مشرقی ساحلی پٹی کے قریب واقع بڑے ہوائی اڈے برفانی طوفان کی وجہ سے بند کرنا پڑ گئے۔ کرسمس کی تعطیلات کے بعد لوگوں کو مختلف شہروں کی طرف واپسی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ برفانی طوفان کی لپیٹ میں کئی مسافر بسیں بھی آئی ہیں۔ ریل گاڑیوں کی سروس کو بھی تعطل کا سامنا ہے۔

کئی اور شہروں کی طرح اس برفانی طوفان کی زد میں نیو یارک شہر بھی آیا ہوا ہے۔ حکام لوگوں کو گھروں سے نہ نکلنے کی ہدایت کر رہے ہیں۔ کئی شہری برف باری کی وجہ سے گاڑیاں کھلی چھوڑ کر بھاگنے پر مجبور ہو گئے تھے۔ برفانی طوفان کے نتیجے میں برف کی ایک موٹی تہہ نے نیو یارک شہر کو مکمل طور پر اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ شہر میں 51 سینٹی میٹر یا 20 انچ تک برف پڑی ہے۔ صرف نیو یارک شہر میں بارہ بارہ گھنٹے کی شفٹ میں امدای کارکن برف ہٹانے میں مصروف ہیں۔ انہیں نیو یارک شہر کی چوبیس سو گلیوں اور سڑکوں کی صفائی میں خاصی مشکلات کا سامنا ہے۔ ان گلیوں اور سڑکوں کی مجموعی لمبائی چھ ہزار کلومیٹر بنتی ہے۔ نیو یارک شہر کے تینوں ہوائی اڈے بند ہیں۔ ریل رابطوں کی بحالی کی کوششیں بھی جاری ہیں۔

Flash-Galerie Snowerkill
نیو یارک شہر کا سنٹرل پارکتصویر: AP

نیویارک شہر اور ریاست کے علاوہ میساچوسیٹس، مین، میری لینڈ، نیو جرسی، شمالی کیرولائنا اور ورجینیا نامی ریاستوں کے شہر بھی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ ان ریاستوں کی حکومتوں نے متاثرہ علاقوں میں ہنگامی حالت نافذ کر دی ہے۔ مختلف شہروں کے میئر عام شہریوں سے مسلسل یہ اپیلیں کر رہے ہیں کہ سردست وہ کسی بھی صورت اپنے گھروں سے باہر نہ نکلیں۔

اس طوفان کے ساتھ شدید برفانی جھکڑ بھی چل رہے تھے۔ ان کی رفتار 55 کلومیٹر فی گھنٹہ تک رہی۔ شدید برفباری کی وجہ سے فضا مکمل طور پر دھندلا کر رہ گئی اور اس وجہ سے گاڑیوں، ٹرکوں، بسوں اور ریل گاڑیوں کے علاوہ ہوائی جہاز کو چلانے والے بھی زیادہ دور تک دیکھ سکنے کے قابل نہ رہے تھے۔ یہ شدید برفباری کئی گھنٹوں تک جاری رہی۔ یہ طوفان مشرقی ساحلی پٹی کے قرب و جوار میں واقع ریاستوں کو متاثر کرنے کے بعد اب کینیڈا پہنچ چکا ہے۔ اس طوفان کی وجہ سے امریکہ کی شمالی ریاستوں میں تقریباً ایک صدی کے بعد ’سفید کرسمس‘ منائی گئی۔

امریکی حکام کو سڑکوں پر پڑی برف کو ہٹانے کے مشکل عمل کا سامنا ہے۔ امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ نیو یارک میں پیر کی شام تک کم از کم ایک ہوائی اڈہ کھول دیا جائے گا۔ شہر کے جان ایف کینیڈی اورنیو آرک لبرٹی ایئر پورٹس پر موجود مسافروں کو سردی سے بچانے کے لئے انتظامیہ نے کمبل بھی فراہم کئے۔ مجموعی طور پر مشرقی ساحلی پٹی کے کئی ہوائی اڈوں پر سینکڑوں مسافر اپنی منزلوں کی جانب روانگی کے انتظار میں ہیں۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں