1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انگلش بیٹنگ کی ديوار: ايلسٹر کُک کرکٹ سے ريٹائر

3 ستمبر 2018

ٹيسٹ کرکٹ ميں انگلينڈ کے ليے سب سے زيادہ رنز بنانے والے مايہ ناز اوپنر ايلسٹر کُک نے بين الاقوامی کرکٹ سے ريٹائرمنٹ کا اعلان کر ديا ہے۔ وہ بھارت کے خلاف جاری سيريز کے آخری ٹيسٹ کے بعد کرکٹ کو خيرباد کہہ ديں گے۔

https://p.dw.com/p/34E6s
Cricket - 2016 Bangladesh v England in Dhaka
تصویر: Getty Images/AFP/D. Sarkar

ايلسٹر کک نے ريٹائرمنٹ کا اعلان پير تين ستمبر کے روز بھارت کے خلاف جاری چوتھے ٹيسٹ ميچ ميں کاميابی کے بعد کيا۔ بھارت کے خلاف اس سيريز کا آخری ٹيسٹ تينتيس سالہ اس کھلاڑی کا آخری انٹرنيشنل ميچ ہو گا۔ اپنے اس فيصلے کی وجہ بيان کرتے ہوئے کک کا کہنا تھا کہ اب وہ مزيد کچھ نہيں کر سکتے۔ بائيں ہاتھ سے کھيلنے والے کک نے رواں سال کھيلے نو ٹيسٹ ميچز ميں صرف 18.62 کی اوسط سے رنز اسکور کيے۔

اليسٹر کک نے ٹيسٹ کرکٹ کا آغاز بھارت ہی کے خلاف 2006ء ميں کيا تھا۔ انہوں نے ٹيسٹ کرکٹ ميں اب تک بتيس سنچرياں اسکور کرتے ہوئے 44.88 کی اوسط سے مجموعی طور پر 12,254 رنز اسکور کيے۔ کک نے ٹيسٹ کرکٹ ميں انگلينڈ کے ليے سب سے زيادہ رنز بنائے جبکہ پوری دنيا ميں اس حوالے سے ان کا نمبر چھٹا ہے۔

اس ہفتے جمعے سے بھارت کے خلاف انگلينڈ کا پانچواں اور اس سيريز کا آخری ميچ لندن کے دی اوول میدان پر شروع ہو رہا ہے۔ يہ کک کا 161 واں اور آخری ٹيسٹ ميچ ہو گا۔ پير کو اپنی ريٹائرمنٹ کا اعلان کرتے وقت انہوں نے کہا کہ وہ سوچ بھی نہيں سکتے تھے کہ وہ بين الاقوامی کرکٹ ميں ايسی کارکردگی دکھائيں گے، جيسی کہ انہوں نے اپنے کيريئر کے دوران دکھائی۔ اس موقع پر انہوں نے انگلينڈ کے شائقين کا بھی شکريہ ادا کيا اور سابق کھلاڑی گراہم گوچ کا بھی ذکر کيا، جن کی وہ کافی عزت کرتے ہيں۔

اليسٹر کک البتہ اپنی کاؤنٹی ايسکس کے ليے کرکٹ جاری رکھيں گے۔

دريں اثناء انگلينڈ نے پانچ ٹيسٹ ميچوں کی سيريز کے چوتھے ميچ ميں کاميابی حاصل کرتے ہوئے سيريز جيت لی ہے۔ انگلينڈ تين ٹيسٹ ميں کامياب رہا جبکہ بھارتی ٹيم صرف ايک ميچ جيت سکی۔

ع س / ع ح، نيوز ايجنسياں