انگلش قومی فٹ بال ٹیم کے منیجر فابیو کاپیلو مستعفی
9 فروری 2012خبر رساں ادارے ڈی پی اے نے بتایا ہے کہ 65 سالہ اطالوی شہری کاپیلو نے دعویٰ کیا ہے کہ فٹ بال ایسوسی ایشن نے جان ٹیری کو انگلش فٹ بال ٹیم کی کپتان سے ہٹا کر ان کے اختیارات کا احترام نہیں کیا ہے۔ اطالوی ذرائع ابلاغ نے کاپیلو کے حوالے سے کہا ہے، ’ انہوں نے میری بے عزتی کرنے کے علاوہ میری اتھارٹی میں مداخلت کی‘۔
منجھے ہوئے کوچ کاپیلو اور فٹ بال ایسوسی ایشن کے مابین اس وقت اختلافات پیدا ہو گئے تھے، جب فٹ بال ایسوسی ایشن نے جان ٹیری پر نسل پرستی کا الزام عائد ہونے کے بعد انہیں قومی ٹیم کی کپتانی کے عہدے سے ہٹا دیا تھا۔
فٹ بال ایسوسی ایشن کے اس فیصلے کے بعد فابیلو کاپیلو نے اپنے ایک انٹرویو میں اس فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے کہا تھا کہ جان ٹیری کو کپتانی کے عہدے سے فارغ کرنا درست نہیں تھا۔ کاپیلو کے مطابق جب تک ٹیری پرعائد الزامات ثابت نہیں ہو جاتے تب تک فٹ بال ایسوسی ایشن کو انہیں کوئی سزا نہیں دینی چاہیے تھی۔
بدھ کی رات کاپیلو اور فٹ بال ایسوسی ایشن کے چیئر مین ڈیوڈ بیرنسٹائن اور جنرل سیکرٹری ایلکس ہورن سے ملاقات کی۔ ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں کے مطابق ویملبے اسٹیڈیم میں ہونے والی اس ملاقات کے بعد فٹ بال ایسوسی ایشن نے کاپیلو کے فوری طور پر مستعفی ہونے کی خبر کی تصدیق کر دی، ’ ایک گھنٹے سے زائد وقت تک ہونے والی اس ملاقات میں فابیو کاپیلو کا استعفی منظور کر لیا گیا ہے۔ وہ انگلش قومی فٹ بال ٹیم کے منیجر کا عہدہ فوری طور پر چھوڑ رہے ہیں‘۔ فٹ بال ایسوسی ایشن نے فابیو کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔ فٹ بال ایسوسی ایشن جمعرات کو مقامی وقت کے مطابق دن بارہ بجے ایک پریس کانفرنس میں مزید تفصیلات عام کرے گی۔
انگلش کلب چیلسی کی نمائندگی کرنے والے اسٹار فٹ بالر جان ٹیری پر الزام ہے کہ انہوں نے گزشتہ برس اکتوبر میں پریمیئر لیگ کے ایک میچ کے دوران اپنے حریف کھلاڑی اینٹون فیرڈیننڈ کے خلاف نسل پرستانہ جملے استعمال کیے تھے۔ یورو کپ کے بعد جولائی میں جان ٹیری کے خلاف عدالتی کارروائی شروع کی جائے گی۔ جان ٹیری نے اپنے اوپر الزامات کی تردید کی ہے۔
رپورٹ: عاطف بلوچ
ادارت: عابد حسین