1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایرانی اپوزیشن رہنما شکوری راد ضمانت پر رہا

28 اکتوبر 2010

ایران میں صدر محمود احمدی نژاد کی حکومت کے ایک بڑے ناقد اور دو ہفتے قبل گرفتار کئے گئے ایک ممنوعہ سیاسی جماعت کے اصلاحات پسند رہنما علی شکوری راد کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/PrKd
ایران میں گزشتہ سال کے شدید مظاہروں کی ایک تصویرتصویر: AP

یہ بات آج جمعرات کو ایران میں ملکی اپوزیشن کی ایک ویب سائٹ کے ذریعے بتائی گئی۔ اس بارے میں ’راہِ سبز‘ نامی ویب سائٹ پر جاری کی گئی رپورٹ میں یہ نہیں بتایا گیا کہ ایران کے نمایاں ترین اصلاحات پسند سیاسی رہنماؤں میں شمار ہونے والے علی شکوری راد کو کتنی رقم بطور ضمانت جمع کرانے کے بعد رہا کیا گیا۔

Iran - Mir Hossein Mussawi
احمدی نژاد کے مقابلےمیں صدارتی الیکشن ہار جانے والےمیر حسین موسویتصویر: AP

شکوری راد، جو ماضی میں ایرانی پارلیمان کے رکن بھی رہ چکے ہیں، جبہ مشارکت ایران اسلامی نامی پارٹی کے ایک مرکزی رہنما ہیں اور انہیں 13 اکتوبر کو گرفتار کیا گیا تھا۔ تہران میں پبلک پراسیکیوٹر عباس جعفری دولت آبادی نے تب شکوری راد کی گرفتاری کے حوالے سے ’سلامتی کی وجوہات‘ کا ذکر کیا تھا۔

’راہِ سبز‘ نامی اپوزیشن ویب سائٹ کے مطابق شکوری راد کی اسی مہینے گرفتاری کی وجہ ان کی طرف سے ایران میں ملکی سطح کے پبلک پراسیکیوٹر غلام حسین محسنی اژہائی پر کی جانے والی وہ تنقید بنی تھی، جس پر حکام میں شدید غصہ پایا جاتا تھا۔ علی شکوری راد اسلامی جمہوریہء ایران میں صدر محمود احمدی نژاد کی حکومت پر اپنی کھلی اور سخت تنقید کی وجہ سے بھی جانے جاتے ہیں۔

Mussawi inmitten einer Demonstration in Teheran 2009
صدارتی الیکشن کے بعدکافی عرصےتک جاری رہنے والے عوامی مظاہروں میں ہر روز لاکھوں افراد شامل ہوتے تھےتصویر: AP

ایران میں دو ایسی اصلاحات پسند سیاسی جماعتوں پر پابندی لگائی جا چکی ہے، جنہوں نے گزشتہ برس جون میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں اپوزیشن کے مرکزی رہنما میر حسین موسوی کی کھلے بندوں حمایت کی تھی۔

ان میں سے ایک پارٹی علی شکوری راد کی جبہ مشارکت ایران اسلامی نامی جماعت تھی اور دوسری سازمان مجاہدین انقلاب اسلامی، جسے انگریزی میں مختصراﹰ MIRO بھی کہا جاتا ہے۔

ایران میں 2009ء کے صدارتی الیکشن میں محمود احمدی نژاد کی دوبارہ کامیابی کے فوری بعد پورے ملک میں شروع ہو جانے والے اپوزیشن کے احتجاجی مظاہروں کے دوران ان دونوں پارٹیوں کے بہت سے رہنماؤں کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔

بعد میں ان میں سے متعدد کو مختلف مدت کی قید کی سزائیں سنا دی گئی تھیں۔ اسی دوران ان دونوں اپوزیشن جماعتوں پر قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے کا الزام لگا کر انہیں ممنوع قرار دے دیا گیا تھا۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں