ایشیا کپ: پاکستان فائنل میں
16 مارچ 2012پاکستان کی فتح میں کپتان مصباح الحق اور عمر اکمل کی نصف سینچریوں نے کلیدی کردار ادا کیا۔ دونوں کی نصف سینچریاں شدید دباؤ کے دوران بنائی گئیں۔
پاکستان کے تین کھلاڑی محض تینتیس رنز پر آؤٹ ہو چکے تھے۔ اس وقت مصباح اور اکمل نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں ایک سو باون رنز اسکور کیے اور پاکستان کی اننگز کو سنبھالا دیا۔ مصباح الحق نے بہتر رنز بنائے اور وہ ناٹ آؤٹ رہے جب کہ اکمل نے ستتر رنز بنائے۔ یوں پاکستان کی ٹیم دس اوورز قبل ہی ایک سو نواسی رنز کا ٹارگٹ عبور کرنے میں کامیاب رہی۔
پاکستان کی جیت میں فاسٹ بولر اعزاز چیمہ اور اسپنر سعید اجمل نے بھی اہم کردار ادا کیا۔ چیمہ نے تینتالیس رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں اور اجمل نے ستائیس رنز کے عوض تین وکٹیں لیں۔ پاکستان کی اچھی بولنگ کے سبب سری لنکا کی ٹیم کوئی بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہی۔
سری لنکا کی ٹیم اس سے قبل بھارت سے بھی ہار چکی ہے۔ جمعرات کے روز کھیلے گئے میچ میں جیت سری لنکا کے لیے فائنل تک رسائی کے لیے ناگزیر تھی۔ تاہم سری لنکا کے بلے بازوں نے ٹیم کا ساتھ نہیں دیا۔ کمار سنگاکارا اکہتر رنز اور اپل تھرنگا ستاون رنز بنا سکے۔ ان کے علاوہ سری لنکا کا کوئی بھی بیٹسمین اچھی کارکردگی نہ دکھا سکا۔
پاکستان کی ٹیم اس سے پہلے بنگلہ دیش کو ہرا چکی ہے۔ اب بھارت کی ٹیم گروپ راؤنڈ میں اپنا میچ بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گی۔ بنگلہ دیش میں جاری کرکٹ کے اس ایشیا کپ کا فائنل بائیس مارچ کو کھیلا جائے گا۔ کرکٹ کے مبصرین امکان ظاہر کر رہے ہیں کہ یہ فائنل پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جا سکتا ہے۔
رپورٹ: شامل شمس ⁄ خبر رساں ادارے
ادارت: امجد علی