1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بائرن میونخ پہلی پوزیشن کے قریب

11 مارچ 2012

بائرن میونخ نے جرمن قومی فٹ بال چیمپئن شپ بنڈس لیگا کے پچیسویں میچ ڈے کے دوسرے روز ہوفن ہائم کو ایک کے مقابلے میں سات گول سے روند ڈالا۔ یوں بائرن کی ٹیم نمبر وَن سے صرف چار پوائنٹس دور رہ گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/14ItK
تصویر: picture alliance/augenklick/GES

ہوفن ہائم کے خلاف شاندار فتح کے باوجود بائرن میونخ کے لیے نمبر وَن کا فاصلہ چار پوائنٹس سے زیادہ بھی ہو سکتا تھا۔ تاہم اسے پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت اول نمبر کی ٹیم اور دفاعی چیمپئن ڈورٹمنڈ کے ہفتے ہی کو آؤگس برگ کے خلاف کھیلے گئے میچ کے بے نتیجہ رہنے کا فائدہ بھی ہوا۔

اس وجہ سے ڈورٹمنڈ اس ہفتے پہلی پوزیشن پر اپنی گرفت مزید مضبوط بنانے میں ناکام رہی۔ آؤگس برگ کے خلاف اس کا میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔

یوں بائرن میونخ کے کھلاڑیوں کے لیے جیت کا مزہ دگنا ہو گیا ہے۔ ہوفن ہائم کے خلاف میچ میں ان کی طرف سے ماریو گومیز نے ہیٹ ٹرک کی۔ انہوں نے میچ کا پہلا گول کھیل کے پانچویں منٹ میں ہی داغ دیا تھا۔ پینتیسویں منٹ میں انہوں نے ایک اور گول کیا اور پھر اڑتالیسویں منٹ میں ایک اور!

یوں اس سیزن میں ماریو گومیز کی جانب سے اسکور کیے گئے مجموعی گول اکیس ہو گئے ہیں۔ بائرن کی جانب سے Arjen Robben نے دو گول کیے۔

دوسری جانب دفاعی چیمپئن ڈورٹمنڈ مسلسل انیس میچوں سے ناقابل شکست چلی آ رہی ہے۔ تاہم ہفتے کے میچ میں اس کے کھلاڑی پوائنٹس ٹیبل پر بہت نچلے درجے کی ٹیم کے خلاف کوئی بھی گول نہ کر سکے۔

Fußball Bundesliga 25. Spieltag FC Augsburg gegen Borussia Dortmund in SDL-Arena Augsburg
ڈورٹمنڈ آؤگس برگ کے خلاف کوئی بھی گول کرنے میں ناکام رہیتصویر: dapd

ہفتے کے روز کھیلے گئے دیگر میچوں میں وولفس برگ نے لیورکوزن کو دو کے مقابلے میں تین گول سے مات دی۔ مائنز نے نیورمبرگ کو دو ایک سے ہرایا۔ مؤنشن گلاڈباخ اور فرائی برگ کا میچ صفر صفر سے برابر رہا۔ کولون نے ہیرتھا برلن کو ایک صفر سے شکست دی۔

اتوار کو موجودہ میچ ڈے کے آخری روز حسب معمول دو میچ کھیلے جائیں گے۔ پہلے میچ میں بریمن کا سامنا ہینوور سے ہوگا جبکہ دوسرے میچ میں شالکے کی ٹیم ہیمبرگ کے مدمقابل ہو گی۔

پوائنٹس ٹیبل کی صورت حال:

اس ہفتے ابھی تک پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست سے لے کر نویں پوزیشن تک کوئی فرق نہیں پڑا۔ ان پوزیشنوں پر بالترتیب ڈورٹمنڈ، بائرن میونخ، مؤنشن گلاڈباخ، شالکے، لیور کوزن، بریمن، ہینوور، شٹٹ گارٹ اور نیورمبرگ ہی ہیں۔

دسویں سے سولہویں پوزیشن تک تبدیلیاں ہوئی ہیں اور اب ان پر بالترتیب وولفس برگ، مائنز، ہوفن ہائم، کولون، ہیمبرگ، آؤگس برگ اور ہیرتھا برلن ہیں۔ فرائی برگ اور کائزرز لاؤٹرن کی ٹیمیں بدستور (بالترتیب) سترہویں اور اٹھارہویں نمبروں پر ہیں۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: مقبول ملک