بارش کی بدولت نیوزی لینڈ کی جیت
23 مارچ 2014یہ میچ ہفتے کو بنگلہ دیش کے شہر چٹاگانگ کے ظہور احمد چودھری اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جہاں نیوزی لینڈ کی اس جیت میں بارش کے ساتھ ساتھ کپتان برینڈن میکولم نے بھی اہم کردار ادا کیا۔ انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 173 رنز کا ہدف دیا تھا۔
اس ہدف کا پیچھا کرتے ہوئے میکولم نے پانچویں اوور میں اپنے حریف کپتان اسٹیورٹ بروڈ کی گیندوں پر دو چھکے لگائے۔ ابھی چھٹے کی دو ہی گیندیں گزری تھیں کہ بارش ہو گئی۔ اس وقت نیوزی لینڈ کی ٹیم ایک وکٹ کے نقصان پر 52 رنز بنا چکی تھی۔
بارش کے باعث کھیل جاری نہ رہا سکا، اس لیے فیصلہ ڈک ورتھ لیوس کے اصول پر کر دیا گیا۔ یوں میکولم کی تیز تر اننگز اہم ثابت ہوئی۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق یہ شکست انگلینڈ کی بدقسمتی ہی رہی ہے۔ اس کے بلے بازوں نے 172 رنز کا ڈھیر جو لگا رکھا تھا۔ اس کی طرف سے معین علی اور مائیکل لمب نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 72 رنز بنائے۔ بعدازاں جوز بٹلر نے ایک مضبوط ہدف مقرر کرنے میں اپنی ٹیم کی مدد کی۔
گو کہ انگلینڈ کے لیے میچ کا آغاز کچھ اچھا نہیں رہا تھا۔ پہلے ہی اوور میں الیکس ہیلز کیچ آؤٹ ہو گئے تھے۔ ان کی اچھالی ہوئی گیند کورے اینڈرسن نے ایک ہی ہاتھ سے کیچ کر لی تھی۔
بعدازاں نیوزی لینڈ کے بولروں کو معین اور لمب کو اپنی شارٹ ڈلیوریز کی قیمت چکانا پڑی۔ معین نے کائل ملز کے ایک ہی اوور میں دو چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ اس کے بعد انہوں نے ٹِم ساؤتھی کو بھی چوکوں کی سزا دی۔
اینڈرس نے معین کی وکٹ لے کر اپنی ٹیم کو کچھ سہارا دیا۔ تاہم اس سے پہلے وہ لمب کے ساتھ مل کر نیوزی لینڈ کو خاصا نقصان پہنچا چکے تھے۔
نیوزی لینڈ کے لیے بھی کھیل کا آغاز کچھ اچھا نہیں تھا۔ تیسرے ہی اوور میں اوپنر مارٹن گپٹل پویلین سدھار گئے تھے۔ اس وقت اسکور بورڈ پر اس کا اسکور محض گیارہ تھا۔ اس کے بعد میکولم نے بروڈ کی سامنا کرتے ہوئے دو چھکے اور ایک چوکا لگایا۔ میکولم نے چھ گیندوں میں 16رنز بنائے اور ناقابلِ شکست رہے جبکہ کین ولیمسن 24 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔