بنڈس لیگا: انتیسواں میچ ڈے مکمل
9 اپریل 2012انتیسویں میچ ڈے کے اختتامی دن دو میچ کھیلے گئے۔ ایک میچ شالکے اور ہینوور کی ٹیموں کے درمیان تھا جبکہ دوسرا میچ ہیمبرگ اور بائر لیورکوزن کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا۔ شالکے کلب نے اپنے میچ میں تین گول سے کامیابی حاصل کی۔ ہینوور کی ٹیم کوئی گول نہیں کر سکی۔ شالکے کی ٹیم کو وقفے پر ایک گول کی برتری حاصل تھی۔ شالکے کلب رواں سیزن کے دوران عمدہ پرفارمنس کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ اتوار کے روز بنڈس لیگا کا دوسرا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ ہیمبرگ کی ٹیم وقفے پر لیورکوزن کے خلاف ایک گول کی سبقت رکھتی تھی۔ دوسرے ہاف میں لیور کوزن نے گول کر کے میچ برابری پر ختم کیا۔ میچ کا فیصلہ ہیمبرگ کے لیے بہت بہتر تھا کیونکہ وہ تنزلی سے بچنے کی جدوجہد میں ہے۔
شالکے کو اس وقت بنڈس لیگا کے پوائنٹس ٹیبل پر تیسرا مقام حاصل ہے۔ اس کے پوائنٹس کی تعداد ستاون ہے۔ لیور کوزن چھٹی اور ہینوور کو آٹھویں پوزیشن حاصل ہے۔ پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت دفاعی چیمپئن ڈورٹمنڈ، چھیاسٹھ پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر ہے۔ بائرن میونخ تریسٹھ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے مقام پر ہے۔
اس ہفتے کے دوران دو میچ ڈیز کھیلے جائیں گے۔ کل منگل کے روز تیسویں میچ ڈے کا آغاز ہو گا۔ یہ میچ ڈے گیارہ اپریل کو مکمل ہو جائے گا۔ ایک دن کے وقفے کے بعد اکتیسواں میچ ڈے شروع ہوگا۔ تیسواں میچ ڈے، پوائنٹس ٹیبل کی دو ٹاپ ٹیموں کے لیے بہت اہم ہے۔ ڈورٹمنڈ اور بائرن میونخ کی ٹیمیں تیسویں میچ ڈے میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہیں اور اس میچ کا فیصلہ ان کے چیمپئن بننے کی راہ ہموار کر سکتا ہے۔ یہ اہم میچ گیارہ اپریل کو کھیلا جائے گا۔
ڈورٹمنڈ اور بائرن میونخ کے پوائٹنس کے درمیان پہلے فرق پانچ کا تھا جو اب کم ہو کر تین رہ گیا ہے۔
بنڈس لیگا میں اس وقت بائرن میونخ کے ماریو گومیز سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی ہیں۔ ان کے اب تک کے گولوں کی تعداد پچیس ہے۔ گومیز جرمن قومی ٹیم کے بھی فارورڈ کھلاڑی ہیں اور بنڈس لیگا میں وہ بائرن میونخ کی نمائندگی کرتے ہیں۔ زیادہ گول کرنے والے دوسرے کھلاڑی شالکے فٹ بال کلب کے کلاس ژان ہُنٹے لار ہیں۔ ہُنٹے لار کے گولوں کی تعداد چوبیس ہے۔ تیسری پوزیشن پر دفاعی چیمپئن ڈورٹمنڈ کے فٹ بالر Robert Lewandowsk ہیں۔ وہ اب تک انیس گول کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ چوتھے مقام پر جرمن قومی ٹیم کے لوکاس پوڈولسکی ہیں۔ وہ سترہ گول کر چکے ہیں۔
ah / ng (Reuters, AP)