بنڈس لیگا: اکیسواں میچ ڈے مکمل
11 فروری 2013اتوار کے روز ایک میچ آؤگس بُرگ اور مائنز کے درمیان کھیلا گیا جبکہ دوسرے میچ کی ٹیمیں فرائی بُرگ اور فورٹونا ڈُسلڈورف کی تھیں۔ مائنز اور آؤگس بُرگ کے درمیان میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ دوسرے میچ میں فرائی بُرگ کی ٹیم نے ڈُسلڈورف کی ٹیم کو ایک گول سے مات دی۔
بنڈس لیگا کے اب تک کے میچ ڈیز میں تین کھلاڑی ایسے ہیں جو چودہ چودہ گول کر کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑیوں کی صف میں شامل ہیں۔ ان میں ایک نام ڈورٹمنڈ کے پولش فٹ بالر رابرٹ لیوانڈووسکی کا ہے۔ سب سے زیادہ گول کرنے والوں کی فہرست میں دوسرا چودہ گول کرنے والا فٹ بالر بائر لیور کوزن کا شٹیفان کیسلنگ ہے۔ اتنے ہی گول کرنے والا تیسرا کھلاڑی جرمنی کے تاریخ ساز فٹ بال کلب بائرن میونخ کا کروشیا سے تعلق رکھنے والا فارورڈ ماریو مانڈزوکِچ ہے۔
اکیس میچ ڈیز کی تکیمل کے بعد لیگ ٹیبل پر بائرن میونخ انتہائی بھاری سبقت کے ساتھ پہلی پوزیشن پر ہے۔ اس کے پوائنٹس کی تعداد 54 ہو چکی ہے۔ اکیس میچ ڈیز کے دوران بائرن کی ٹیم نے 17 میچوں میں کامیابی حاصل کی، تین کو برابری پر ختم کیا اور ایک میچ میں اسے شکست کا سامنا رہا۔ مخالف ٹیموں کے خلاف اس کے گولز کا فرق 48 ہے۔ اتوار کے روز ختم ہونے والے میچ ڈے کے دوران بائرن میونخ نے اپنی مخالف ٹیم شالکے کو چار گول کے فرق سے ہرایا۔
بنڈس لیگا کے لیگ ٹیبل پر دفاعی چیمپئن ڈورٹمنڈ دوسری پوزیشن پر ہے۔ اس کے پوائنٹس کی تعداد 39 ہے۔ دفاعی چیمپئن کو اکیسویں میچ ڈے کے دوران ہیمبرگ کی ٹیم سے ایک کے مقابلے میں چار گول سے شکست کا سامنا رہا۔ تیسری پوزیشن پر 38 پوائنٹس کے ساتھ لیورکوزن ہے۔ ڈورٹمنڈ اور لیورکوزن کی ٹیموں نے اکیس میچ ڈیز کے دوران صرف گیارہ گیارہ میچوں میں کامیابی حاصل کی تھی۔
بنڈس لیگا کے پوائنٹس ٹیبل پر سب سے نچلی پوزیشن پر رہنے والی تین ٹیموں کو چیمپئن شپ کے اختتام پر تنزلی کا سامنا ہوتا ہے۔ اب تک کھیلے گئے میچوں سے اندازہ ہوتا ہے کہ گروئتھر فیورتھ اور آؤگس بُرگ کو یقین طور پر تنزلی کا سامنا ہو سکتا ہے۔ تیسری ٹیم میں ہوفن ہائیم کا کلب ہے لیکن اسے ایک چانس مل سکتا ہے کہ وہ سیزن کے اختتام پر پلے آف (Play Off) کے میچ جیت کر ایک بار پھر ٹاپ لیول کھیلنے کی پوزیشن حاصل کر سکتی ہے۔ ہوفن ہائیم کو پلے آف کے میچ بنڈس لیگا کی سیکنڈ لیول کی تیسری پوزیشن کی حامل ٹیم سے کھیلنا ہو گا۔ ہوفن ہائیم کی پوزیشن سولہویں ہے اور پندرہویں ٹیم کے ساتھ فرق آٹھ پوائنٹس کا ہے۔ ابھی تیرہ میچ ڈیز باقی ہیں اور ہوفن ہائیم اپنی پوزیشن بہتر بنا سکتی ہے۔
(ah / ng (Reuters