1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا: بائرن نے ہیرتھا برلن کو روند ڈالا

18 مارچ 2012

جرمن قومی فٹ بال چیمپئن شپ بنڈس لیگا کے چھبیسویں میچ ڈے کے ایک کھیل میں بائرن میونخ نے ہیرتھا برلن کو صفر کے مقابلے میں چھ گول سے شکست دے دی ہے۔

https://p.dw.com/p/14MHv
تصویر: picture-alliance/dpa

اس شاندار کامیابی کے باوجود بائرن میونخ اور نمبر وَن ٹیم ڈورٹمنڈ کے درمیان پوائنٹس ٹیبل کا فرق بدستور پانچ ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ہفتے ہی کو ڈورٹمنڈ نے بھی بریمن کے خلاف میچ صفر کے مقابلے میں ایک گول سے جیت لیا۔ یوں یہ ٹیم اپنی سر فہرست کی پوزیشن قدرے مستحکم رکھنے میں کامیاب رہی ہے۔

دوسری جانب بائرن میونخ نے مسلسل تیسرے میچ میں گول در گول کا سلسلہ جاری رکھا۔ تاہم اس مرتبہ یہ ٹیم قبل ازیں کھیلے گئے دو میچز کی طرح مخالف ٹیم کے خلاف سات سات گول کرنے کی بجائے صرف چھ گول کرنے میں کامیاب ہو سکی۔ اس کی اس نوعیت کی کامیابیوں کو ڈروٹمنڈ پر دباؤ کی وجہ بھی قرار دیا جا رہا ہے۔

بریمن کے خلاف کھیلے گئے میچ کا واحد گول ڈورٹمنڈ کے شانجی کاگوا نے کیا اور یوں اپنی ٹیم کی جیت پر مہر ثبت کی۔ کاگوا کے لیے یہ گول یقینی طور پر دہری خوشی سے کم نہ تھا کیونکہ ہفتے کو ہی ان کی تیئسویں سالگرہ بھی تھی۔

ڈورٹمنڈ مسلسل بیسویں میچ میں ناقابلِ شکست رہی ہے جبکہ گزشتہ دس میں سے نو میچز میں جیت اس کے حصے میں آئی ہے۔ اس کے کوچ یرگن کلوپ نے بعد ازاں کہا کہ یہ کٹھن مرحلہ تھا لیکن ان کے کھلاڑی حاوی رہے۔

Bundesliga 26. Spieltag Bayer 04 Leverkusen Borussia Mönchengladbach
موئنشن گلاڈ باخ نے لیور کوزن کو شکست دیتصویر: Reuters

ہفتے کو پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے نمبر کی ٹیم بورسیا موئنشن گلاڈ باخ نے لیور کوزن کو ایک کے مقابلےمیں دو گول سے شکست دی۔ ہیمبرگ کو ہوم گراؤنڈ پر فرائی برگ کے ہاتھوں تین ایک سے شکست ہوئی۔ یوں اسے مسلسل تیسرے میچ میں شکست کا سامنا رہا ہے۔

دیگر میچز میں آؤگس برگ نے مائنز کو ایک دو سے پچھاڑا۔ وولفس برگ نے نیوریمبرگ کو ایک تین سے مات دی۔ قبل ازیں جمعے کو کھیلے گئے چھبیسویں میچ ڈے کے واحد کھیل میں ہوفن ہائیم نے شٹٹ گارٹ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی تھی۔

پوائنٹس ٹیبل:

اس ہفتے ابھی تک بنڈس لیگا کے پوائنٹس ٹیبل پر پہلی چھ پوزیشنوں میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے اور ان پر بالترتیب ڈورٹمنڈ، بائرن میونخ، موئنشن گلاڈ باخ، شالکے، لیور کوزن اور بریمن کی ٹیمیں ہیں۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: امجد علی