1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا: تیرہواں میچ ڈے شروع

24 نومبر 2012

جرمن قومی فٹ بال لیگ بُنڈس لیگا کے تیرہویں میچ ڈے کے سلسلے میں جمعے کے روز ایک میچ کھیلا گیا اور اس میں فورٹُونا ڈُوسلڈورف کی ٹیم نے ہیمبرگ کو دو گول سے شکست دے کر ایک طرح کا اپ سیٹ کر دیا۔

https://p.dw.com/p/16p60
تصویر: picture-alliance/dpa

بُنڈس لیگا میں درجہ دوم سے کوالیفائی کرنے والی فورٹُونا ڈوسلڈورف (Fortuna Dusseldorf) نے ہیمبرگ کے خلاف جمعے کے روز کھیلے جانے والے میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ فورٹُونا کے فارورڈ اور مڈ فیلڈر کے درمیان عمدہ تال میل سے گول کرنے کے مواقع پیدا ہوئے۔ مجموعی طور پر ڈُوسلڈورف کی ٹیم نے کل دو گول کیے۔ میچ کے دوران گولوں کا دفاع بھی ڈُوسلڈورف کے کھلاڑیوں نے شاندار انداز میں کیا۔

Fußball Bundesliga Fortuna Düsseldorf - Hamburger SV
فورٹونا نے ہیمبرگ کی ٹیم کو دو گول سے ہرایاتصویر: picture-alliance/dpa

فورٹُونا ڈُوسلڈورف اور ہیمبرگ کے درمیان پہلا ہاف تقریباً برابری پر ختم ہونے والا تھا کہ پہلے ہاف کے اضافی وقت کے دوران ڈُوسلڈورف کو ایک گول کی سبقت حاصل ہوئی۔ یہ گول فورٹونا کے آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے چوبیس سالہ فارورڈ رابی کرُوز نے کیا۔ رواں سیزن میں یہ اُن کا پہلا گول تھا۔ وقفے کے بعد میچ دوبارہ شروع ہوا تو ہیمبرگ کی ٹیم نے میچ برابر کرنے کی ہر ممکن کوشش کی لیکن فورٹُونا کا دفاعی کھیل بھی متاثر کن تھا اور اس دوران اس کے فارورڈ بھی حملے کرتے رہے۔ دوسرے ہاف کے انیسویں منٹ میں فورٹُونا کے ایک دوسرے فارورڈ اشٹیفان رائزینگر نے گول کر کے اپنی ٹیم کی برتری کو مستحکم کر دیا۔

اس گول کے بعد بھی، میچ کے بقیہ وقت میں ہیمبرگ کی ٹیم نے گول کرنے کی بہت کوشش کی لیکن اسے گول کرنے میں کامیابی نہ ہوئی اور فورٹُونا ڈوسلڈورف نے یہ میچ صفر کے مقابلے میں دو گول سے جیت لیا۔

پوائنٹس ٹیبل پر اب ہیمبرگ کی نویں پوزیشن ہے اور اس کے سترہ پوائنٹس ہیں۔ جمعے کے روز میچ جیتنے والی فورٹُونا ڈُوسلڈورف کی پوزیشن تیرہویں ہے اور اس کے پوائنٹس چودہ ہیں۔ بنڈس لیگا کے موجودہ سیزن میں گزشتہ سال جن تین ٹیموں نے درجہ دوم سے کوالیفائی کیا تھا، ان میں فورٹُونا ڈُوسلڈورف کی پوزیشن سب سے بہتر ہے۔ دیگر دو ٹیمیں پوائنٹس ٹیبل کی نچلی پوزیشنوں پر ہیں۔ ان ٹیموں میں ایک گروئتھر فیُورتھ (Greuther Fuerth) اور دوسری آؤگسبرگ (Augsburg) ہے۔

Fußball Bundesliga Fortuna Düsseldorf Manager Wolf Werner
فورٹونا ڈوسلڈورف کے کوچ وولف ویرنرتصویر: picture alliance/augenklick/firo Sportphoto

تیرہویں میچ ڈے کے دوسرے دن یعنی آج ہفتے کے روز پانچ میچ شیڈیول ہیں اور کل اتوار کو مزید تین میچ کھیلے جائیں گے۔ ہفتے کے روز ایک میچ شالکے اور فرینکفرٹ کی ٹیموں کے درمیان ہوگا۔ رواں بُنڈس لیگا کی ٹاپ ٹیم بائرن میونخ بھی ہفتے کے روز ہینوور کے خلاف میچ کھیل رہی ہے۔ بائرن میونخ اسی ہفتے کے دوران یورپی کلبوں کے معتبر ٹورنامنٹ چیمپئنز لیگ کے پری کوارٹر فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوئی تھی۔ بنڈس لیگا کی دفاعی چیمپئن ڈورٹمنڈ بھی آج ہفتے ہی کے روز اپنا میچ مائنز کی ٹیم کے خلاف کھیلے گی۔

بنڈس لیگا کے پوائنٹس ٹیبل پر بائرن میونخ کی ٹیم 31 پوائنٹس کے ساتھ پہلے مقام پر ہے۔ دوسری پوزیشن شالکے کے پاس ہے اور اس کے پوائنٹس 23 ہیں۔ تیسرا مقام فرینکفرٹ کے پاس ہے اور اس کے پوائنٹس بھی 23 ہیں لیکن گول اوسط کی بنیاد پر وہ اس پوزیشن پر ہے۔ دفاعی چیمپئن ڈورٹمنڈ چوتھی پوزیشن پر ہے۔

ah / at /dpa, AFP)