1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا: دسواں میچ ڈے شروع

3 نومبر 2012

جرمن قومی فٹ بال لیگ کے نئے میچ ڈے کے سلسلے میں جمعے کے روز ایک میچ کھیلا گیا۔ اب تک کھیلے گئے نو میچ ڈیز کے بعد بائرن میونخ کی ٹیم واضح فرق سے پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن سنبھالے ہوئے ہے۔

https://p.dw.com/p/16cB1
تصویر: picture-alliance/dpa

جمعے کے روز بنڈس لیگا کے رواں سیزن کے دسویں میچ ڈے کے آغاز پر آئنٹراخٹ فرینکفرٹ (Eintracht Frankfurt) اور گروئتھرفیُورتھ (Greuther Fuerth) کے درمیان میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ میچ شروع ہونے کے پہلے منٹ ہی کے دوران فرینکفرٹ کی ٹیم نے گول کیا۔ حقیقت میں یہ گول پہلے منٹ کے پچیسویں سیکنڈ میں کیا گیا۔ یہ گول الیگزینڈر مائر (Alexander Meier) نے کیا۔ اس گول کے بعد گروئتھر فیورتھ کی ٹیم نے میچ کو برابر کرنے کی جدو جہد شروع کر دی۔ فرینکفرٹ ٹیم کے گول کیپر کیون ٹراپ (Kevin Trapp) نے بلاشبہ غیر معمولی کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے فیُورتھ کے حملوں کو خاصی ہمت سے روکا۔

Eintracht Frankfurt - SpVgg Greuther Fürth
رینکفرٹ کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پو تیسری مقام پر ہےتصویر: picture-alliance/dpa

گروئتھرفیُورتھ نے پہلا ہاف ایک گول کے خسارے پر کیا۔ دوسرے ہاف کے آٹھویں منٹ میں فیُورتھ کے مسلسل حملوں کے نتیجے میں سولٹان شٹیبر (Zoltan Stieber) نے گول کر کے میچ کو برابر کر دیا۔ میچ کے بقیہ حصے میں دونوں ٹیموں نے دفاعی کھیل پر توجہ دی اور دسویں میچ ڈے کا پہلا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔

 بنڈس لیگا کے پوائنٹس ٹیبل پر دس میچ کھیل کر فرینکفرٹ کی ٹیم تیسرے مقام پر ہے اور اس کے پوائنٹس کی تعداد بیس ہے۔ فیُورتھ کی ٹیم سترہویں پوزیشن پر ہے اور اگر یہی پوزیشن رہی تو اُسے انجام کار تنزلی کا سامنا ہو سکتا ہے۔

Eintracht Frankfurt - SpVgg Greuther Fuerth
دوسرے ہاف کے آٹھویں منٹ میں فیُورتھ کے سولٹان شٹیبر نے گول کر کے میچ کو برابر کر دیاتصویر: Bongarts/Getty Images

بنڈس لیگا کے دسویں میچ ڈے کے دوسرے روز یعنی ہفتے کو چھ میچ کھیلے جائیں گے۔ کل اتوار کے روز دو مزید میچوں کی تکمیل پر بنڈس لیگا کا دسواں میچ ڈے اپنی منزل کو پہنچ جائے گا۔ جرمن بنڈس لیگا کا اگلا میچ ڈے نو نومبر سے شروع ہو گا۔ ہفتے کے روز دفاعی چیمپئن ڈورٹمنڈ اپنا میچ اشٹٹ گارٹ کے خلاف کھیل رہی ہے۔ رواں سیزن کی ٹاپ ٹیم بائرن میونخ اپنا میچ کھیلنے ہیمبرگ پہنچی ہوئی ہے۔

بنڈس لیگا کا پہلا حصہ وسط دسمبر میں مکمل ہو گا۔ اس لحاظ پہلے ہاف سے قبل سات میچ ڈیز رہ گئے ہیں۔ پہلے ہاف کی ٹاپ ٹیم کو موسم خزاں کی چیمپئن قرار دیا جاتا ہے۔ ابھی تک بائرن میونخ کی ٹیم گولڈن جوبلی سیزن کو جیتنے کی جانب گامزن ہے۔ نو میچ کھیل کر اس کے کُل پوائنٹس کی تعداد چوبیس ہے۔ دوسری پوزیشن پر شالکے کلب ہے اور اس کے پوائنٹس کی تعداد بیس ہے۔ ابتدائی میچ ڈیز کے دوران دفاعی چیمپئن ڈورٹمنڈ کی پوزیشن نیچے چلی گئی تھی مگر اب وہ سنبھلنے کے عمل سے گزر رہی ہے اور چو تھے مقام پر فائز ہے۔ اس کے پوائنٹس کی تعداد پندرہ ہے۔ دسویں میچ ڈے کے مکمل ہونے پر غیر متوقع نتائج کے باوجود پوزیشنوں میں تبدیلی کا کوئی امکان موجود نہیں ہے۔

(ah / ia (AP, DW