1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا: ستائیسواں میچ ڈے

25 مارچ 2012

جرمن قومی فٹ بال لیگ کا رواں سیزن اب اپنی منزل کی جانب بڑھ رہا ہے۔ اس کے باقی سات میچ ڈے رہ گئے ہیں ڈورٹمنڈ کلب بدستور اپنے ٹائٹل کا دفاع کرنے میں مصروف ہے۔ وہ پوائنٹس ٹیبل کی ٹاپ ٹیم ہے۔

https://p.dw.com/p/14RD2
تصویر: picture-alliance/dpa

جرمنی میں بنڈس لیگا کے درجہ اول میں ستائیسویں میچ ڈے کے سلسلے میں ہفتے کے روز کُل چھ میچ کھیلے گئے۔ اس میچ ڈے کا آغاز جمعہ کے روز سے ہوا تھا۔ پہلے دن وُولفس برگ کی ٹیم نے ہیمبرگ شہر کی ٹیم کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرایا تھا۔ ہفتے کے روز کھیلے جانے والے میچوں میں اہم ترین میچ بائرن میونخ اور ہینوور کی ٹیموں کے درمیان تھا۔ بائرن میونخ کی ٹیم اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے مقام پر ہے۔

Fußball Bundesliga, 27. Spieltag
شالکے اور لیورکوزن کے میچ کا ایک منظرتصویر: picture-alliance/dpa

بائرن میونخ کلب جرمنی کا تاریخ ساز اور مشہور کلب ہے۔ اس نے قومی فٹ بال چیمپئن شپ ریکارڈ مرتبہ جیتنے کا اعزاز حاصل کر رکھا ہے۔ اس مرتبہ اسے دفاعی چیمپئن ڈورٹمنڈ کی جانب سے سخت مزاحمت کا سامنا ہے۔ دفاعی چیمپئن ڈورٹمنڈ کو پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل ہے۔ اس وقت ڈورٹمنڈ اور بائرن میونخ کے درمیان صرف دو پوائنٹس کا فرق ہے۔ اگر ڈورٹمنڈ کی ٹیم اتوار کے روز کولون شہر کے فٹ بال کلب کو ہرانے میں کامیاب رہی تو یہ فرق ایک مرتبہ پھر پچھلے ہفتے کی طرح پانچ پر پہنچ جائے گا۔ ڈورٹمنڈ اور کولون کی ٹیموں کے درمیان میچ کولون شہر میں کھیلا جائے گا۔

ہفتے کے روز بائرن میونخ کی ٹیم نے ہینوور کی ٹیم کو ایک گول کے مقابلے میں دو گول سے ہرایا۔ بائرن کلب کی جانب سے ٹونی کروس (Toni Kroos) اور ماریو گومیز (Mario Gomez) نے ایک ایک گول کیا۔ ہینوور کی جانب سے ایک گول دوسرے ہاف میں ڈیڈر کونان (Didier Konan) نے کیا۔ ہفتے کے روز بنڈس لیگا کی تیسری ٹاپ ٹیم شالکے نے بھی اپنا میچ جیت لیا۔ اس نے بنڈس لیگا کی مضبوط ٹیم بائرلیورکوزن کو دو گول کے فرق سے ہرایا۔

Fußball Bundesliga, 27. Spieltag
بریمن کی جانب سے نکلاس فؤلکرنگ گول کرنے کے بعدتصویر: picture-alliance/dpa

بنڈس لیگا کے سیکنڈ لیول سے کوالیفائی کرنے والی ٹیم کائزرزلاؤٹرن مسلسل مایوسی کی لپیٹ میں ہے۔ ہفتے کے روز اسے ایک اور شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ بنڈس لیگا میں ابھی سات میچ ڈے باقی ہیں اور کائزرزلاؤٹرن کی ٹیم کو تنزلی سے بچنے کے لیے اکیس پوائنٹس درکار ہیں اور اس تازہ شکست سے یہ اب تنزلی یقینی طور پر نوشتہٴ دیوار ہے۔ یہی صورت حال برلن شہر کے کلب ہیرتھا کو درپیش ہے۔

چند برس قبل تک برلن کا ہیرتھا فٹ بال کلب بنڈس لیگا کی ایک خطرناک ٹیم خیال کی جاتی تھی۔ مگر اب اس کی پرفارمنس مسلسل روبہ زوال ہے تاہم ہیرتھا ستائیسویں میچ ڈے میں اپنا میچ جیت چکی ہے۔ اس نے مائنز شہر کے فٹ بال کلب کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے ہرایا۔ تنزلی کی دہلیز پر ایک اور ٹیم بھی ہے اور وہ ہیمبرگ۔ لیکن اس کے پاس ابھی چانس موجود ہے اور وہ بقیہ میچ ڈیز میں اپنی پوزیشن بہتر کر سکتی ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت:  افسر اعوان