1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا میں المیڈا کی ہٹ ٹرک

29 نومبر 2010

جرمن فٹ بال لیگ بنڈس لیگا میں 14 ویں میچ ڈے کے اختتامی تیسرے روز بریمن کلب کے سٹرائیکر ہوگو المیڈا نے ہیٹ ٹرک کرکے لیگ میں اپنی ٹیم کی گرتی پوزیشن کو سنبھالا دیا ۔

https://p.dw.com/p/QKZR
ہوگو المیڈاتصویر: dapd

سینٹ پاؤلی کی ٹیم پر تین صفر کی جیت سے بریمن کی ٹیم لیگ میں 18 پوائنٹس کے ساتھ 11 ویں پوزیشن پر آگئی ہے۔ کھیل کے آخری لمحات میں بریمن کے لئے کھیلنے والے پرتگالی کھلاڑی ہوگو المیڈا کو فاؤل کھیلنے پر براہ راست سرخ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر کردیا گیا۔ اختتامی سیٹی بجنے سے دس منٹ قبل انہوں نے مخالف ٹیم کے دفاعی کھلاڑی کارلوس زامبرانو کو کہنی مار دی تھی۔ میچ کے بعد ان کا کہنا تھا کہ ان کے ساتھ پورے کھیل میں فاؤل کھیلا گیا اور اُس ایک لمحے میں وہ اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے۔ اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے بریمن کے سٹرائیکر نے کہا، ’’یہ نہیں ہونا چاہیے تھا ، میں اس ٹیم اور ان کے مداحوں سے معافی مانگنا چاہوں گا، تین گول اچھے ہیں لیکن اب ٹیم سے دوری مناسب نہیں۔‘‘

اس سے قبل انہوں نے کھیل شروع ہونے کے ایک منٹ کے اندر اندر سینٹ پاؤلی کی دفاعی لائن کو چیرتے ہوئے گول کر ڈالا تھا۔ المیڈا نے اپنا اور ٹیم کا دوسرا گول 20 ویں منٹ جبکہ ہیٹ ٹرک گول دوسرے ہاف میں کیا۔ بریمن کی ٹیم کے خلاف اب تک کھیلے گئے میچوں میں مخالف ٹیموں نے 13 گول کئے۔ یہ ٹیم اپنے پچھلے سات میچوں میں مسلسل شکست سے دوچار ہو چکی ہے۔

Flash-Galerie Fußball 1. Bundesliga 14. Spieltag 1. FC Köln VfL Wolfsburg
وولفس برگ اور کولون کے میچ کا منظرتصویر: dapd

اتوار کو بنڈس لیگا کا دوسرا مقابلہ وولفس برگ اور کولون کی ٹیموں کے درمیان تھا۔ کولون میں کھیلے گئے اس میچ کے آخری لمحات میں مہمان ٹیم کے سٹرائیکر سیسرو کی شاندار بائیسکل کک نے میچ کو ڈرا کر ڈالا۔ اس سے قبل کولون کی ٹیم ایک صفر کی برتری لئے ہوئے تھی۔ یہ جیت ہاتھ سے جانے کے بعد کولون اب جرمن قومی فٹ بال لیگ میں 12ویں مقام پر آگئی ہے۔

ڈورٹمنڈ کی ٹیم اس وقت 37 پوائنٹس کے ساتھ سر فہرست ہے۔ دوسرے نمبر پر 30 پوائنٹس لئے مائنز کی ٹیم ہے۔ لیورکوزن 26 پوائنٹس کے ساتھ تیسری جبکہ ہینوور 25 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر ہے۔ اس طرح کم از کم اگلے دو میچوں ڈیز میں ڈورٹمنڈ کی ٹیم کوئی خطرہ لاحق نہیں ہے۔ پندرہویں میچ ڈے کا آغاز تین دسمبر سے ہو گا۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں