1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا: پانچواں میچ ڈے مکمل، بائرن میونخ سرفہرست

12 ستمبر 2011

جرمنی کی قومی فٹبال چیمپیئن شپ بنڈس لیگا کے سلسلے میں کھیلے جانے والے پانچویں ہفتے کے میچ مکمل ہوگئے ہیں۔ بائرن میونخ پانچویں میچ ڈے کے اختتام پر پوائنٹس ٹیبل پر سر فہرست ہے۔

https://p.dw.com/p/12X8j
تصویر: dapd

بنڈس لیگا کے سلسلے میں ہر ہفتے جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو میچز کھیلے جاتے ہیں اور ان تین دنوں کے دوران کھیلے جانے والے میچوں کو ایک میچ ڈے تصور کیا جاتا ہے۔ بنڈس لیگا 2011ء کو شروع ہوئے اب پانچ ہفتے گزر چکے ہیں۔ اتوار کے روز پانچویں میچ ڈے کے سلسلے میں دو میچ کھیلے گئے۔

اتوار کا پہلا میچ نیورمبرگ اور کولون کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا۔ نیورمبرگ نے محض چار منٹ کے وقفے کے دوران ملنے والی دو پینلٹیز پر گول کرکے کولون کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔ نیورمبرگ کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر اب ساتویں نمبر پر ہے۔

اتوار کے روز کھیلے گئے دوسرے میچ میں شالکے کو وولفس برگ کے ہاتھوں ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست اٹھانا پڑی۔ اس شکست کے باعث شالکے تین قیمتی پوائنٹس گنوا کر پوائنٹس ٹیبل کی تین سر فہرست ٹیموں میں شمار ہونے کی بجائے اب چھٹے نمبر پر ہے۔ رواں سیزن میں وولفس برگ کی یہ دوسری فتح تھی اور اس فتح میں کروشیا سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی ماریو مانڈزوکک نے اہم کردار کیا۔ میچ کے دونوں گول انہوں نے ہی کیے۔

ویردر بریمن نے ہیمبرگ کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی
ویردر بریمن نے ہیمبرگ کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دیتصویر: dapd

اس سے قبل پانچویں میچ ڈے کے سلسلے میں ہفتے کے روز کُل چھ میچ کھیلے گئے۔ ہفتے کے ایک میچ میں بائرن میونخ نے فرائی برگ کو صفر کے مقابلے میں سات گول سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست پوزیشن حاصل کی۔

بائرن میونخ کی طرف سے ماریو گومز نے سات میں سے چار گول اسکور کیے، جس میں دوسرے ہاف کے دوران کی جانے والی ہیٹ ٹرک بھی شامل تھی۔ اس جیت کے بعد ماریو گومز کا کہنا تھا کہ باویریا کی اس ٹیم کو شکست دینا اب آسان کام نہیں ہے۔ بائرن میونخ بدھ کے روز چیمپئنز لیگ کے گروپ اے کا پہلا میچ کھیلنے کے لیے اسپین روانہ ہو رہی ہے جہاں اس کا مقابلہ ولاریال سے ہوگا۔

ہفتے ہی کے روز  کھیلے گئے ایک اور میچ میں ویردر بریمن نے ہیمبرگ کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔ ویردر بریمن پوائنٹس ٹیبل پر اب دوسری پوزیشن پر ہے۔

ہفتے کے روز کھیلے گئے دیگر میچوں میں بنڈس لیگا کی چیمپیئن بورسیا ڈورٹمنڈ کو حیرت انگیز طور پر ہیرتھا برلن کے ہاتھوں ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست اٹھانا پڑی۔ ہوفن ہائم نے مائنز کو چار صفر سے، شٹٹ گارٹ نے ہینوور کو تین صفر سے جبکہ مؤنشن گلاڈ باخ نے کائزرز لاؤٹرن کو ایک صفر سے شکست دی۔

نیورمبرگ کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر اب ساتویں نمبر پر ہے
نیورمبرگ کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر اب ساتویں نمبر پر ہےتصویر: picture-alliance/dpa

بنڈس لیگا کے پانچویں میچ ڈے کے سلسلے میں جمعہ کو کھیلے گئے واحد میچ میں بائر لیورکوزن نے اوگس بُرگ کو صفر کے مقابلے میں چار گول سے شکست دی۔ اوگس بُرگ کی ٹیم بنڈس لیگا ٹو سے پروموٹ ہوکر بنڈس لیگا ون میں پہنچی ہے اور اب تک اپنی پہلی فتح کی منتظر ہے۔

پانچویں میچ ڈے کے اختتام پر پوائنٹس ٹیبل کی پہلی پانچ پوزیشنوں کی صورتحال کچھ یوں ہے:

ٹاپ پوزیشن بائرن میونخ کے پاس ہے جس نے 12 پوائنٹس حاصل کر رکھے ہیں۔ دوسری پوزیشن پر ویردر بریمن ہے اور اس کے پاس بھی 12 ہی پوائنٹس ہیں۔ 10 پوائنٹس کے ساتھ مؤنشن گلاڈ باخ تیسرے نمبر پر موجود ہے جبکہ چوتھی پوزیشن پر موجود ٹیم لیور کوزن کے بھی 10 پوائنٹس ہیں۔ پوائنٹس ٹیبل کی پانچویں پوزیشن ہوفن ہائیم کے پاس ہے اور اس ٹیم نے نو پوائنٹس حاصل کر رکھے ہیں۔

رپورٹ: افسر اعوان

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں