بنڈس لیگا چیمپئن شپ کا تاج، پھر سے ڈورٹمنڈ کے سر
22 اپریل 2012جرمن قومی فٹ بال چیمپئن شپ بنڈس لیگا کے بتیسویں میچ ڈے کے دوسرے روز ڈورٹمنڈ کا سامنا مؤنشن گلاڈ باخ سے ہوا۔ ڈورٹمنڈ نے یہ میچ صفر کے مقابلے میں دو گول سے جیت لیا اور یوں ایسے وقت پر چیمپئن شپ کا ٹائٹل پھر سے اپنے نام کر لیا، جب رواں سیزن کے دو میچ ڈے ابھی باقی ہیں۔
دفاعی چیمپئن ہونے کے باوجود ڈورٹمنڈ کے لیے رواں سیزن کا آغاز کچھ اچھا نہیں رہا تھا۔ اس کے باوجود وہ ٹائٹل کے دفاع میں کامیاب رہی ہے۔
مؤنشن گلاڈ باخ کے خلاف میچ کے بعد ڈورٹمنڈ کے کوچ یوئرگین کلوپ نے کہا: ’’میرے پاس اس بات کی وضاحت کے لیے الفاظ نہیں کہ لڑکوں نے کیا کر دکھایا ہے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ یہ میچ جیتنا سب سے بڑا چیلنج تھا۔ ڈورٹمنڈ کو اس وقت دوسرے نمبر کی ٹیم بائرن میونخ پر آٹھ پوائنٹس کی برتری حاصل ہے۔ چھٹے میچ ڈے تک ڈورٹمنڈ میونخ سے اتنے ہی پوائنٹ پیچھے تھی۔
ڈورٹمنڈ کے چیف ایگزیکٹو ہانس یواخِم واٹسکے نے کہا: ’’مجھے خوشی ہے کہ بائرن بریمن میں جیت گئی۔ بصورتِ دیگر ہم اس کامیابی سے اس قدر لطف اندوز نہ ہو پاتے۔ یہ دِن بہترین رہا۔‘‘
بنڈس لیگا کی تاریخ میں ابھی تک دو ہی ٹیمیں مسلسل دو مرتبہ چیمپئن بنی ہیں۔ اس سے قبل یہ اعزاز بائرن میونخ نے سولہ برس قبل حاصل کیا تھا۔
ہفتے کے دیگر مقابلوں میں نیوریمبرگ اور ہیمبرگ کا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ کائزرزلاؤٹرن نے ہیرتھا برلن کو ایک کے مقابلے میں دوگول سے مات دی۔ کولون اور شٹٹ گارٹ کا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ لیورکوزن نے ہوفن ہائیم کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دی۔ بائرن میونخ نے بریمن کو دو ایک سے پچھاڑا۔
قبل ازیں جمعے کو بتیسویں میچ ڈے کا پہلا میچ وولفس برگ اور مائنز کے درمیان کھیلا گیا تھا جو بغیر کسی گول کے برابر رہا۔
اتوار کو اس میچ ڈے کے آخری روز حسبِ معمول دو مقابلے ہوں گے۔ آؤگس برگ شالکے کے خلاف میدان میں اترے گی جبکہ ہینوور کا سامنا فرائی برگ سے ہو گا۔
پوائنٹس ٹیبل:
اس وقت پوائنٹس ٹیبل کی پہلی دس پوزیشنوں پر بالترتیب ڈورٹمنڈ، بائرن میونخ، شالکے، مؤنشن گلاڈ باخ، شٹٹ گارٹ، لیور کوزن، ہینوور، بریمن، ہوفن ہائیم اور وولفس برگ ہیں۔
ng/ia (AP, dpa)