1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا کا انتیسواں میچ ڈے شروع

8 اپریل 2012

جرمن قومی فٹ بال لیگ بنڈس لیگا کے کل چھ میچ ڈے رہ گئے ہیں۔ اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر دفاعی چیمپئن ڈورٹمنڈ کو پہلی پوزیشن حاصل ہے۔ دوسری پوزیشن پر بائرن میونخ کی ٹیم ہے۔

https://p.dw.com/p/14ZQw
ڈورٹمنڈ کی کھلاڑیتصویر: picture-alliance/dpa

انتیسویں میچ ڈے کے سلسلے میں ہفتے کے روز کل سات میچ کھیلے گئے۔ ان میچوں میں دفاعی چیمپئن ڈورٹمنڈ کا میچ بھی شامل تھا۔ یہ میچ وولفس برگ کے خلاف تھا جو اپنے کھیل میں توازن اور بہتری پیدا کرنے کی کوششوں میں ہے۔ بنڈس لیگا کی ٹاپ ٹیم نے وولفس برگ کی ٹیم کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے ہرایا۔ اس جیت کے بعد ڈورٹمنڈ کے کل پوائنٹس 66 ہو گئے ہیں۔ میچ کے وقفے پر ڈورٹمنڈ کی ٹیم ایک گول سے آگے تھی اور اس نے دوسرے ہاف میں مزید دو گول کیے۔ وولفس برگ کی ٹیم نویں پوزیشن پر ہے۔ رواں سیزن کے ابتدائی میچ ڈیز کے دوران وولفس برگ تنزلی کی منزل پر تھی مگر اب اس نے کوچ میگاتھ فیلکس کی قیادت میں خود کو سنبھال لیا ہے۔

FC Bayern München - Borussia Dortmund Robben Schmelzer
بائرن میونخ کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے مقام پر ہےتصویر: picture-alliance/dpa

ہفتے کے روز کھیلے جانے والے ایک اور میچ میں فٹ بال کلب بائرن میونخ کی ٹیم نے آؤگُس بُرگ کی ٹیم کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرایا۔ یہ میچ وقفے تک ایک ایک گول سے برابر تھا۔ اس میچ میں کامیابی سے میونخ کے پوائنٹس 63 ہو گئے ہیں۔ بنڈس لیگا کے درجہ دوم سے پہلے مرحلے میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کرنے والی آؤگُس بُرگ کی ٹیم اس وقت چودہویں مقام پر ہے۔ اسے بھی موسم خزاں کے بعد تنزلی کا خطرہ تھا لیکن یہ اس مشکل دور سے نکل آئی ہے۔

Bundesliga 1. FC Kaiserslautern vs. 1899 Hoffenheim
ہوفن ہائیم اور کائزرزلاؤٹرن کے درمیان کھیلے جانے والے میچ کا منظرتصویر: picture-alliance/dpa

دفاعی چیمپئن ڈورٹمنڈ کو اپنی برتری برقرار رکھنے کے لیے اگلے تمام میچوں میں کامیابی حاصل کرنا ضروری ہے۔ کسی بھی شکست یا ہار کی صورت میں دوسرے مقام پر بیٹھی بائرن میونخ کی ٹیم آگے نکل جائے گی۔ بائرن میونخ اسی کوشش میں ہے کہ کسی ایک میچ میں دفاعی چیمپئن لڑکھڑائے تو وہ اس کا بھرپور فائدہ اٹھائے۔ دو تین ہفتے قبل تک ڈورٹمنڈ اور بائرن میونخ کے ٹوٹل پوائٹنس کے درمیان فرق پانچ کا تھا جو اب کم ہو کر تین رہ گیا ہے۔ دونوں ٹیمیں تیسویں میچ ڈے میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہیں اور اس میچ کا فیصلہ ان کے چیمپئن بننے کا فیصلہ کر سکتا ہے۔ یہ اہم میچ گیارہ اپریل کو کھیلا جائے گا۔

ہفتے کے روز کھیلے گئے دیگر میچوں میں ہوفن ہائیم کلب نے کائزرزلاؤٹرن کو ہرایا۔ نیورمبرگ اور فرائی برگ کا میچ دو دو گول سے برابر رہا۔ دونوں ٹیمیں بارہویں اور تیرہویں پوزیشنوں پر براجمان ہیں۔ تنزلی کی مشکل میں گری کولون کی ٹیم اپنا میچ برابر ضرور کھیلی مگر اس کا کوئی بڑا فائدہ اسے حاصل نہیں ہو سکا ہے۔ اس وقت بنڈس لیگا کے پوائنٹس ٹیبل پر سب سے نیچے کولون، کائزرزلاؤٹرن اور ہیرتھا کی ٹیمیں ہیں۔ ایسا دکھائی دیتا ہے کہ اگلے سارے میچ جیت کر بھی کائزرزلاؤٹرن اور ہیرتھا تنزلی سے بچ نہیں سکتیں۔

بنڈس لیگا کا تیسواں میچ ڈے دس اور گیارہ اپریل کو کھیلا جا رہا ہے۔

ah/ng (AP, Reuters)