1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا کا رواں سیزن، ڈورٹمنڈ تاحال ناقابل شکست

عاطف بلوچ2 ستمبر 2013

بنڈس لیگا کے چوتھے میچ ڈے کے آخری دن کھیلے گئے ایک میچ میں ڈورٹمنڈ نے فرینکفرٹ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرا کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن سنبھال لی ہے۔ ایک اور میچ میں اشٹٹ گارٹ نے ہوفن ہائم کو چھ دو سے مات دے دی۔

https://p.dw.com/p/19Ztc
تصویر: Dennis Grombkowski/Bongarts/Getty Images

فیڈرل جرمن فٹ بال لیگ بنڈس لیگا کے چوتھے میچ ڈے کے سلسلے میں اتوار کو ہوئے ایک دلچسپ مقابلے میں فرینکفرٹ کو شکست سے دوچار کرتے ہوئے ڈورٹمنڈ کی ٹیم اپنی فتوحات کا تسلسل قائم رکھنے میں کامیاب ہو گئی۔ ڈورٹمنڈ کی طرف سے دونوں گول ہینرک میکا ٹارین نے کیے جبکہ فرینکفرٹ کی طرف سے واحد گول واسلاف کڈلیس نے کیا۔

27.5 ملین یورو کی ڈیل کے تحت ڈورٹمنڈ کی ٹیم کا رکن بننے والے میکا ٹارین نے میچ کے بعد اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’’میں ڈورٹمنڈ کی ٹیم کا حصہ بننے پر بہت اچھا محسوس کر رہا ہوں۔ مجھے بہت خوشی ہے کہ میں نے اپنی نئی ٹیم کے لیے پہلا گول کیا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اور زیادہ اچھی بات ہے کہ وہ دوسرا گول کرنے میں بھی کامیاب ہو گئے۔

ڈورٹمنڈ کے کوچ ژُرگن کلاپ نے کہا، ’’اس میں کوئی شک نہیں کہ ہم نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا۔‘‘ کلاپ نے مزید کہا کہ البتہ انہوں نے ٹیم کے دفاع میں کچھ خامیاں نوٹ کی ہیں، جنہیں دور کرنے کی ضرورت ہے۔ ڈورٹمنڈ نے رواں سیزن کے دوران اپنے اب تک کے چاروں میچوں میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد مجموعی طور پر بارہ پوائنٹس حاصل کر لیے ہیں۔‍

Fußball Bundesliga 4. Spieltag VfB Stuttgart gegen TSG 1899 Hoffenheim
اشٹٹ گارٹ کے کھلاڑی خوشی مناتے ہوئےتصویر: picture-alliance/dpa

جمعرات کے دن دفاعی چیمپئن بائرن میونخ اور فرائی برگ کے مابین کھیلا گیا میچ ایک ایک گول سے برابر ہو گیا تھا، جس کے نتیجے میں میونخ چار میں سے تین میچوں میں فتحیاب رہنے کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر اب دوسری پوزیشن پر ہے۔ اس کے پوائنٹس کی تعداد دس بنتی ہے۔

بنڈس لیگا کے چوتھے میچ ڈے کے آخری روز اتوار کو کھیلے گئے ایک اور میچ میں اشٹٹ گارٹ نے بھی کامیابی حاصل کر لی۔ اس میچ میں ویدد آبیزاوِچ نے ہیٹ ٹرک کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔ اشٹٹ گارٹ کے نئے کوچ تھوماس شنائڈر کے لیے بنڈس لیگا کے اس سیزن میں یہ پہلی کامیابی تھی۔ انہوں نے بعد ازاں کہا، ’’کھلاڑیوں نے ٹٰیم پلان پر بہت عمدہ طریقے سے عمل کیا۔ ابتدائی تین میچوں میں مسلسل ناکامی کے بعد اششٹ گارٹ کے کوچ برونو لابادیا کو برطرف کر دیا گیا تھا، جس کے بعد شنائڈر نے پیر کے دن ہی اس کلب کی کوچنگ سنبھالی تھی۔

چوتھے میچ ڈے کے دوسرے روز ہفتے کو مجموعی طور پر چھ میچ کھیلے گئے تھے۔ ان میں مؤنشن گلاڈ باخ نے بریمن کو ایک چار، ہینوور نے بھی مائنز کو ایک چار، وولفسبرگ نے برلن کو صفر دو، آؤگسبرگ نے نیورمبرگ کو ایک صفر جب کہ شالکے نے لیور کوزن کو صفر دو سے مات دی تھی۔