بنگلور کا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ پاکستان نے جیت لیا
26 دسمبر 2012تقریباً پانچ سالوں کے بعد پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیمیں محدود اوورز کے میچوں کی سیریز کھیل رہی ہیں۔ بنگلور شہر کا چنا سوامی کرکٹ اسٹیڈیم پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی کے دو میچوں کی سیریز کا پہلے میچ کا میزبان میدان تھا۔ پاکستانی ٹیم کے کپتان محمد حفیظ نے ٹاس جیت کر بھارتی ٹیم کو کھیلنے کی دعوت دی۔ ابتدا میں یہ دعوت کوئی سود مند ثابت نہیں ہوئی کیونکہ بھارتی ٹیم کے افتتاحی بلے بازوں نے 77 کی پارٹنر شپ قائم کر دی۔ گیارہویں اوور میں نئے بھارتی کھلاڑی اجنکیا مادھوکر راہانی کو شاہد آفریدی نے آؤٹ کر دیا، وہ 42 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ ان کے ساتھی اوپنر گوتم گھمبیر 43 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ پہلی وکٹ کے گرنے کے بعد ایک طرح سے بھارتی ٹیم لڑکھڑا سی گئی۔
بھارتی ٹیم بقیہ نو اوورز میں صرف 56 رنز کا اضافہ کر سکی اور اس دوران اس کی مزید آٹھ وکٹیں گریں۔ صرف یُووراج سنگھ اور سریش رائنا ڈبل فِگر تک پہنچ سکے۔ یہ دونوں کھلاڑی دس دس رنز بنا سکے۔ اس دوران پاکستانی ٹیم کی فیلڈنگ قدرے بہتر رہی۔
پاکستان کی جانب سے عمر گل نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پاکستان کے ٹاپ اسپنر سعید اجمل دو بھارتی کھلاڑیوں کو آوٹ کر سکے۔ شاہد آفریدی اور بلند قامت تیز بالر محمد عرفان کی نے بھی ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ محمد عرفان نے بنگلور میں اپنے کرکٹ کے بین الاقوامی کیریر کی شروعات کی۔ پہلے انٹرنیشنل میچ میں ان کی بالنگ کی خاصی تعریف کی گئی۔
پاکستان کی ٹیم کی اننگز بھی کوئی شاندار نہیں تھی۔ ابتدائی تین کھلاڑی بارہ کے اسکور پر آؤٹ ہو گئے تھے۔
بھارت کی جانب سے پہلا انٹرنیشنل میچ کھیلنے والے بُھوونیشور کمار نے تینوں پاکستانی بیٹسمینوں کو آؤٹ کیا۔ آؤٹ ہونے والے بیٹسمین ناصر جمشید، اطہر شہزاد اور عمر اکمل تھے۔ بھوونیشور کمار نے اپنے چار اوورز میں صرف نو رنز دیے اور تین وکٹیں حاصل کیں۔ ابتدائی تین وکٹیں گرنے کے بعد کپتان محمد حفیظ اور شعیب ملک نے نہایت ذمہ داری سے پاکستانی اننگ کو سنبھالا۔ ابتدائی دس اوورز میں اسکور کی رفتار مسلسل سُست رہی۔
پاکستان کے تجربہ کار بیٹسمینوں محمد حفیظ اور شعیب ملک نے بھارت کے جُزوقتی بالروں پر زور دار اسٹروک کھیلے اور میچ کو اپنی گرفت میں لے لیا۔ محمد حفیظ اور شعیب ملک کے درمیان 106 رنز کی پارٹنز شپ قائم ہوئی، جو چوتھی وکٹ کے لیے ٹی ٹوئنٹی میچوں میں پاکستان کی سب سے بڑی اننگ ہے۔ اس سے قبل سن 2007 میں جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ میں یونس خان اور شعیب ملک نے سری لنکا کے خلاف 101 رنز کی اننگ کھیلی تھی۔ حفیظ اس وقت آؤٹ ہوئے جب پاکستان کو میچ جیتنے کے لیے سولہ رنز درکار تھے۔ اس دوران کامران اکمل بھی اپنی وکٹ گنوا بیٹھے اور آخری اوور میں پاکستان کو دس رنز درکار تھے۔ شعیب ملک اور ان کے ساتھی شاہد آفریدی نے آخری اوور کی چار گیندوں میں یہ اسکور پورا کر لیا۔ میچ کے بہترین کھلاڑی کپتان محمد حفیظ قرار پائے۔ وہ 61 رنز بنا سکے، شعیب ملک 57 کے اسکور پر ناٹ آؤٹ رہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ احمد آباد میں 28 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔ دو ٹی ٹوئنٹی میچوں کے بعد تین ایک روزہ میچ چنئی، کولکتہ اور نئی دہلی میں کھیلے جائیں گے۔ ایک روزہ میچوں کی سیریز کا آغاز 30 دسمبر سے ہو گا۔
(ah / at (dpa, AFP