1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنگلہ دیش وَن ڈے سیریز تین صفر سے جیت گیا

امجد علی22 اپریل 2015

بنگلہ دیش نے ڈھاکا میں کھیلے جانے والے تیسرے اور آخری ایک روزہ میچ میں پاکستان کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر یہ سیریز تین صفر سے اپنے نام کر لی۔ پاکستانی بلے بازوں کی طرح بالرز بھی مکمل طور پر ناکام رہے۔

https://p.dw.com/p/1FCf5
تصویر: Reuters/D. Gray

بنگلہ دیش کو جیت کے لیے 251 رنز کا ہدف ملا تھا، جو میزبان ٹیم نے چالیس ویں اوور ہی میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ بنگلہ دیشی اوپنر سومیا سرکار نے سنچری بنائی اور ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی طرف سے دونوں وکٹیں جنید خان نے حاصل کیں۔

اس سے پہلے اگرچہ پاکستان نے ڈھاکا کے شیرِ بنگال اسٹیڈیم میں پہلے کھیلتے ہوئے بڑے اچھے انداز میں اپنی اننگز شروع کی اور اُنتالیس ویں اوور میں دو وکٹوں کے نقصان پر پاکستان کا 203 رنز کا اسکور دیکھ کر ایسا لگ رہا تھا کہ پاکستانی ٹیم اپنے حریف کو جیتنے کے لیے بہت بڑ ہدف دے گی تاہم پھر اُنچاس اوورز ہی میں محض سینتالیس رنز کا اضافہ کرنے کے بعد ساری پاکستانی ٹیم 250 رنز بنا کر آؤٹ ہو چکی تھی۔

Cricket Cricketspieler Azhar Ali
اظہر علی نے تینوں ایک روزہ میچوں میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیاتصویر: Tariq Saeed

کپتان محمد اظہر نے 112 گیندوں پر 101 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ اس طرح گزشتہ پانچ برسوں میں وہ پہلے کپتان ہیں، جنہوں نے کسی وَن ڈے میچ میں سنچری بنائی ہے۔ اُن سے پہلے 2010ء میں شاہد آفریدی نے بنگلہ دیش ہی کے خلاف کھیلتے ہوئے 124 رنز بنائے تھے۔

تاہم کپتان محمد اظہر کے آؤٹ ہوتے ہی باقی تمام کھلاڑی ڈرامائی طور پر یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوتے گئے۔ آخری آٹھ کھلاڑی مجموعی اسکور میں محض 47 رنز کا اضافہ کر کے پیویلین لوٹ گئے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے شکیب الحسن، مشرفی مرتضیٰ، عرفات سنی اور روبل حسین نے دو دو شکار کیے۔

بنگلہ دیش نے پہلا وَن ڈے میچ اُناسی رنز سے جبکہ دوسرا سات وکٹوں سے جیتا تھا۔ دونوں ٹیمیں جمعہ چوبیس اپریل کو سیریز کا اکلوتا ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلیں گی۔ اِس ٹی ٹوئنٹی میں پاکستانی ٹیم کی قیادت شاہد آفریدی کر رہے ہیں۔ اِس میچ کے بعد اٹھائیس اپریل سے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز شروع ہو گی۔ دونوں ٹیسٹ میچوں میں پاکستانی ٹیم کے کپتان مصباح الحق ہوں گے۔ یہ امر اہم ہے کہ مصباح الحق اور شاہد آفریدی نے کرکٹ ورلڈ کپ کے بعد ایک روزہ میچوں سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔