1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارتی روپے کی قدر میں ریکارڈ کمی

ارسلان خالد6 اگست 2013

منگل 6 اگست کو امریکی ڈالر کے مقابلے میں بھارتی روپے کی قیمت نئی کم ترین سطح پر پہنچ گئی۔ روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں اضافے کی وجہ امریکی معیشت میں بہتری کو قرار دیا جا رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/19KTF
تصویر: Manan Vatsyayana/AFP/Getty Images

رواں سال روپیہ ایشیائی مارکیٹ میں سب سے بری کرنسی رہی ہے اور اس کی قیمت امریکی ڈالر کے مقابلے میں تاریخ کی کم ترین سطح 61.51 تک پہنچ گئی۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ 61.21 تھا۔

من موہن سنگھ کی حکومت انتخابات سے قبل معیشت کو بہتر کرنے کی کوشش کر رہی ہے
من موہن سنگھ کی حکومت انتخابات سے قبل معیشت کو بہتر کرنے کی کوشش کر رہی ہےتصویر: picture-alliance/dpa

سال 2013 میں روپے کی قدر میں 12.3 فیصد کمی دیکھی گئی ہے۔ ادھر بھارتی حصص 1.3 فیصد کمی کے ساتھ 18983.76 کی سطح پر آ گیا ہے۔ ’’اینجل بروکنگ‘‘ نامی کمپنی کے ایسوسی ایٹ ڈائیرکٹر نوین ماتھر کا کہنا ہے ’’ روپیہ اس وقت رن وے پر ہے اور کوئی نہیں جانتا کہ یہ کہاں رکے گا۔ یہ ملک کے لیے اچھا نہیں ہے‘‘۔

بھارتی مرکزی بینک جو ایسی صورتحال سے نمٹنے اور روپے کی قدر میں استحکام کے لیے اقدامات کرتا ہے، اس مرتبہ خاموش ہے۔ تجزیہ کار، روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں اضافے کی وجہ امریکی معیشت میں بہتری کو قرار دے رہے ہیں

روپے کی قدر میں کمی کے باعث تقریبا تمام ہی درآمدی اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا ہے جس میں تیل، کھادیں اور کھانے پینے کی اشیاء مثلا دالیں وغیرہ شامل ہیں۔ یہ صورتحال بھارتی عوام کی مشکلات میں مزید اضافے کا سبب بنی ہے۔ ادھر یہ صورتحال بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ کی حکومت کے لیے بھی ایک جھٹکا ہے جو 2014 کے انتخابات سے قبل معیشت کو بہتر کرنے کی کوشش کر رہی ہے جب کہ یہ قیاس آرائیاں بھی کی جا رہی ہیں کہ بھارت کو 1991 جیسی بحرانی کیفیت کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔

گزشتہ ہفتے چھپنے والے ایک انٹرویو میں ماہر معاشیات اروند پناجاریا نے متنبہ کیا تھا کہ بھارت کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر انتہائی کم ہیں۔