1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارتی فاسٹ بالر کی اہلیہ کا شوہر پر بے وفائی کا الزام

اے ایف پی
9 مارچ 2018

بھارتی فاسٹ باؤلر محمد شامی کی اہلیہ نے اُن پر گھریلو تشدد، جسمانی طور پر زدو کوب کرنے اور بے وفائی کا الزام عائد کیا ہے۔ شامی کی اہلیہ حَسین جان نے اس سلسلے میں پولیس میں شکایت بھی درج کرا دی ہے۔

https://p.dw.com/p/2u3mS
Indien Cricket-Spieler Mohammad Shami
تصویر: Imago/Zumapress/T. Basnayaka

بھارتی فاسٹ باؤلر کی بیوی حَسین جان سابق ماڈل رہ چکی ہیں۔ حسین جان نے کلکتہ پولیس کے پاس درج کی گئی اپنی شکایت میں کہا ہے کہ شامی کے دوسری خواتین کے ساتھ لَو افئیرز ہیں۔ اس حوالے سے پہلے سے جاری تنازعے کے سبب اس ستائیس سالہ بھارتی فاسٹ بالر کا قومی ٹیم کے ساتھ کانٹریکٹ پہلے ہی بھارتی کرکٹ بورڈ نے تب تک کے لیے روک رکھا ہے جب تک شامی اور اُن کی اہلیہ کے درمیان تنازعے کی تحقیقات مکمل نہ ہو جائے۔

کولکتہ پولیس کے جوائنٹ کمشنر پراوین تری پاتھی نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا،’’ جہاں کی جانب سے شکایت درج کرائے جانے کے بعد پولیس نے محمد شامی اور اُن کے بھائی پر تشدد، ریپ اور زہر دینے کے الزامات عائد کیے ہیں۔‘‘

تری پاتھی نے مزید کہا کہ حَسین جہاں نے اپنے شوہر اور سسرال والوں کی جانب سے اُن پر جسمانی تشدد اور دوسری خواتین کے ساتھ معاشقے رکھنے کی شکایت بھی درج کرائی ہے۔

شامی کی اہلیہ حَسین جہان نے منگل کے روز شامی کی جانب سے دوسری خواتین کو بھیجے گئے پیغامات کو عام کر دیا تھا جس کے بعد وہ شہ سرخیوں کی زینت بن گئی تھیں۔

اس موقع پر حسین جان نے کہا تھا،’’ میں نے فون کے سیکیورٹی کوڈ تک رسائی حاصل کی اور گزشتہ رات ہی یہ بات چیت دیکھی۔ میں صدمے میں تھی اور تمام رات نہیں سو سکی۔‘‘

جان نے جمعے کے روز صحافیوں کو یہ بھی بتایا تھا کہ شامی نے جنوبی افریقہ کے ٹور سے واپس لوٹنے پر اُن پر جسمانی تشدد کیا تھا۔

بی سی سی آئی کے معاملات دیکھنے والی ایک سپروائزری کمیٹی کا کہنا ہے کہ شامی پر اُن کی بیوی کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات نے کمیٹی کو مشکل صورت حال سے دو چار کر دیا ہے اور اسی تناظر میں شامی کا بھارتی کرکٹ بورڈ سے معاہدہ بھی روک لیا گیا ہے۔