بھارتی کپتان دھونی کا ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
30 دسمبر 2014آسڑیلیا کے شہر میلبورن سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق مہندر سنگھ دھونی کی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان آج منگل کے روز آسٹریلوی اور بھارتی ٹیموں کے درمیان تیسرا ٹیسٹ میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہونے کے محض چند منٹ بعد سامنے آیا۔ بھارتی کرکٹ ٹیم ان دنوں آسٹریلیا کے ساتھ چار میچوں کی ایک ٹیسٹ سیریز کھیل رہی ہے، جس کا تیسرا میچ آج میلبورن میں ڈرا ہو جانے کے بعد آسٹریلیا نے یہ سیریز دو صفر سے جیت لی۔
نیوز ایجنسی روئٹرز کے مطابق تیسرے میچ کے اختتام پر کی جانے والی پریس کانفرنس میں بھارتی کپتان دھونی نے ٹیسٹ کرکٹ سے اپنی ریٹائرمنٹ کے بارے میں ایک لفظ بھی نہ کہا۔ میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں اس پریس کانفرنس کے کچھ ہی دیر بعد دھونی کی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان بھارتی کرکٹ بورڈ BCCI نے اپنے ایک ٹویٹر پیغام میں کیا۔
بی سی سی آئی نے ٹویٹر پر اپنے اس پیغام میں کہا، ’’مہندر سنگھ دھونی نے ٹیسٹ کرکٹ سے اپنی فوری ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا ہے۔ آسٹریلیا کے خلاف موجودہ سیریز کے چوتھے اور آخری ٹیسٹ میچ میں بھارتی ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی ہوں گے۔‘
بعد ازاں بی سی سی آئی کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ مہندر سنگھ دھونی نے، جو بھارتی ٹیم کے کپتان ہونے کے ساتھ ساتھ وکٹ کیپر بھی تھے، ٹیسٹ کرکٹ سے اپنی ریٹائرمنٹ کا فیصلہ اس لیے کیا ہے کہ وہ ون ڈے انٹرنیشنل میچوں اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ پر زیادہ توجہ دے سکیں۔‘
بی سی سی آئی کے بیان میں مزید کہا گیا، ’’ٹیسٹ کرکٹ کے لیے بھارتی ٹیم کے عظیم کپتانوں میں سے ایک، مہندر سنگھ دھونی نے، جن کی قیادت میں بھارتی ٹیم نے ٹیسٹ رینکنگ میں دنیا کی اول نمبر کی کرکٹ ٹیم ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا، ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے اپنے اس فیصلے کی وجہ تمام فارمیٹس کی کرکٹ کھیلنے کی وجہ سے پڑنے والا دباؤ بتائی ہے۔‘‘
تینتیس سالہ مہندر سنگھ دھونی کو گزشتہ کچھ عرصے سے کافی دباؤ کا سامنا تھا۔ ان کی قیادت میں بھارتی ٹیم انگلینڈ کے خلاف گزشتہ ٹیسٹ سیریز تین ایک سے ہار گئی تھی۔ نیوز ایجنسی روئٹرز کے مطابق آسٹریلیا کے خلاف موجودہ ٹیسٹ سیریز میں ناکامی نے ممکنہ طور پر دھونی کو یہ فیصلہ کرنے پر مجبور کیا کہ وہ اس سیریز کے اختتام سے پہلے ہی ٹیسٹ کرکٹ سے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیں۔
مہندر سنگھ دھونی بھارت کی طرف سے 90 ٹیسٹ میچوں میں4876 رنز بنا چکے ہیں۔ اس دوران انہوں نے چھ سنچریاں اور 33 نصف سنچریاں بھی اسکور کیں۔ وکٹ کیپر کے طور پر انہوں نے ٹیسٹ میچوں میں 256 کھلاڑیوں کو کیچ آؤٹ اور 38 کو اسٹمپ کیا۔ دھونی کا سب سے زیادہ انفرادی ٹیسٹ اسکور 224 ہے جو انہوں نے فروری 2013 میں آسٹریلیا کے خلاف بنایا تھا۔
دھونی اب تک 250 ون ڈے میچوں میں 8192 رنز بھی بنا چکے ہیں اور ان کی اوسط 52.85 بنتی ہے۔ ون ڈے کرکٹ میں دھونی نو سنچریاں اور 56 نصف سنچریاں بھی بنا چکے ہیں۔ مہندر سنگھ دھونی نے 56 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ بھی کھیلے ہیں، جن میں انہوں نے اب تک تقریباﹰ 34 کی اوسط سے 849 رنز بنائے ہیں۔