بیکھم نیا سیزن بھی میلان کی طرف سے کھیلیں گے
31 دسمبر 2009اُنہوں نے کہا، وہ فِٹ ہیں اور چاہتے ہیں کہ 2009ءکی طرح ہی سال 2010 ء میں بھی اطالوی فُٹ بال کلب ’اے سی میلان‘ کی طرف سے کھیلتے ہوئے اپنی کامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھ سکیں۔
بیکھم نے میڈیکل ٹیسٹ پاس کر لیا ہے۔ اے سی میلان کی طرف سے بیکھم اپنا پہلا میچ چھ جنوری کو کھیلیں گے۔ سال 2009ء میں اطالوی کلب ’اے سی میلان‘ کی طرف سے بیکھم نے جنوری تا مئی کُل اٹھارہ میچوں میں دو بار گول سکور کیا۔ بیکھم کہتے ہیں کہ وہ فاروڈ، ڈیفنس یا مڈ فیلڈ، کسی بھی پوزیشن پر کھیلنے کے لئے تیار ہیں۔
میلان پہنچنے پر انگلش مڈ فیلڈر نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ کلب ’اے سی میلان‘ کے ساتھ ان کا ’’تجربہ بہت خاص رہا ہے‘‘ اور وہ چاہتے ہیں کہ ان کی موجودگی میں یہ کلب Serie A چیمپیئن بنے۔
بیکھم کے مطابق میلان کے ساتھ گزارے گئے چھ مہینوں کی مدت ان کے کیریئر کے بہترین چھ مہینوں میں سے ایک تھی۔ 34 سالہ فُٹ بال سٹار ’اے سی میلان‘ سے قبل انگلش کلب مانچسٹر کی طرف سے کھیلا کرتے تھے۔
ورلڈ کپ میں اپنے ملک کی طرف سے کھیلنے کے لئے سٹار فٹ بالر کو جلد ہی فارم میں آنا پڑے گا ورنہ کیا پتہ ان کی خراب فارم اور ڈھلتی عمر کے باعث کسی ہونہار نوجوان کھلاڑی کو ان کی جگہ انگلش ٹیم میں شامل کر لیا جائے۔
رپورٹ: خبر رساں ادارے/گوہر نذیر گیلانی
ادارت: امجد علی