1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی: بحری کارگو ٹینکرحادثے کا شکار، عملے کے دو ارکان لاپتہ

13 جنوری 2011

جرمنی کے دریائے رائن میں تیزابی مادے سے لدا ایک کارگو ٹینکر الٹنے کے بعد وہاں بحری آمد ورفت کو عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔ ابھی تک واضح نہیں ہو سکا ہے کہ ٹینکر میں لدا گندھک کا تیزاب پانی میں شامل ہوا ہے یا نہیں۔

https://p.dw.com/p/zx43
حادثے کا شکار ہونے والا کارگو ٹینکرتصویر: picture alliance / dpa

حکام نے بتایا ہے کہ یہ حادثہ جمعرات کی صبح پیش آیا۔ اس ٹینکر میں عملے کے کُل چار افراد سوار تھے، جن میں سے دو کو بچا لیا گیا ہے جبکہ دو ابھی تک لاپتہ ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ لاپتہ افراد کو تلاش کرنے کے لئے امدادی کام جاری ہے۔

امدادی کارروائیوں میں ہیلی کاپٹر بھی شامل ہیں۔ جرمن کارگو ٹینکر Ludwigshafen سے Belgian کی طرف گامزن تھا کہ ویزباڈن کے قریب اسے حادثہ پیش آیا۔ اس میں چوبیس سو ٹن گندھک کا تیزاب لدا ہوا تھا۔

جرمن حکام نے بتایا ہے کہ اس کارگو جہاز میں لدا ہوا گندھک کا تیزاب انتہائی محفوظ طریقے سے بند کیا گیا تھا، اور اس بات کے امکانات کم ہی ہیں کہ یہ دریا کے پانی میں شامل ہو گا۔

حادثے کا شکار ہونے والا سو میٹر لمبا ٹینکر اس وقت St. Goarshausen نامی ایک شہر کی دریائی حدود میں پھنسا ہوا ہے۔ یہ وہی دشوار گزار آبی راستہ ہے، جہاں حادثات رونما ہوتے رہتے ہیں۔

Flash-Galerie Gekenterter Tanker auf dem Rhein
امدادی ٹیمیں اس کارگو ٹینکر کو سیدھا کرنے کی کوشش کر رہے ہیںتصویر: dapd

حال ہی میں ہونے والی شدید برفباری کے نتیجے میں دریائے رائن میں طغیانی پائی جا رہی ہے۔ حکام اس بات کا جائزہ بھی لے رہے ہیں کہ آیا اس حادثے کی وجہ رائن میں سیلاب کا نتیجہ تو نہیں۔ تاہم حکام نے کہا ہے کہ وہ اس واقعہ کی مکمل تحقیقات کرنے کے بعد نتیجہ نکالیں گے کہ اس حادثے کی اصل وجہ کیا تھی۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: امتیاز احمد