1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی میں غیر ملکی جاسوسی کی بڑھتی سرگرمیاں، جرمن انٹیلیجنس

30 اکتوبر 2022

وفاقی جرمن فوج کی کاؤنٹر انٹیلیجنس ایجنسی ایم اے ڈی کی خاتون سربراہ نے حریف ممالک کے خفیہ اداروں کی جرمنی میں بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کے خلاف خبردار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے وارننگ کی سطح پہلے ہی ہائی الرٹ پر ہے۔

https://p.dw.com/p/4IqtZ
Germany Cologne MAD HQ in Konrad Adenauer Base
جرمنی کی ملٹری کاؤنٹر انٹیلیجنس سروس ایم اے ڈی کا ہیڈ کوارٹر شہر کولون میں کونراڈ آڈےناؤر چھاؤنی میں ہےتصویر: Christoph Hardt/Geisler-Fotopress/picture alliance

ایم اے ڈی کی سربراہ مارٹینا روزنبرگ نے جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے کو بتایا کہ ان کے ادارے نے بیرونی خفیہ ایجنسیوں کی طرف سے جرمنی میں جاسوسی کی متعدد کوششوں کا سراغ لگایا ہے۔

ماسکو نے ایڈورڈ اسنوڈن کو روسی شہریت دے دی

انہوں نے کہا کہ حریف ریاستوں کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ان ممالک کی انٹیلیجنس ایجنسیاں اہم اور قابل استعمال معلومات کے حصول کے لیے ہر ممکن ذرائع استعمال کرتی ہیں اور ان کی کوشش ہوتی ہے کہ اپنے ملک کے مفادات کے پیش نظر وہ ہر طرح کا دباؤ بھی استعمال کریں۔

روزنبرگ نے کہا، ''جرمنی کی ملٹری کاؤنٹر انٹیلیجنس نے جاسوسی کی ایسی کئی کوششوں کا پتہ چلایا ہے۔‘‘

Germany's MAD intelligence chief Martina Rosenberg
مارٹینا روزنبرگ اگست دو ہزار اٹھارہ سے اپنے موجودہ منصب پر فائز ہیںتصویر: Fabian Sommer/dpa/picture alliance

وارننگ کا لیول پہلے ہی ہائی الرٹ پر

فیڈرل جرمن آرمی کی کاؤنٹر انٹیلیجنس سروس کی سربراہ کے مطابق یوکرین میں چوبیس فروری کو کی جانے والی روسی فوجی مداخلت سے پہلے بھی وفاقی جرمن فوج کی جاری کردہ جرمنی میں غیر ملکی اداروں کی طرف سے جاسوسی کے خلاف وارننگ ہائی الرٹ پر تھی۔

ایران: فرانسیسی شہری کو جاسوسی کے الزام میں آٹھ برس قید کی سزا

مارٹینا روزنبرگ نے ڈی پی اے کو بتایا کہ حال ہی میں سب سے زیادہ واقعات ایسے ڈرونز کی پروازوں سے متعلق تھے، جو جرمنی میں وفاقی فوج کی حساس عسکری تنصیبات اور یوکرینی دستوں کے لیے قائم کردہ فوجی تربیتی مراکز کی فضا میں اڑ رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات اب تک غیر واضح ہے کہ ان ڈرون پروازوں کے پیچھے کون تھا۔

جرمنی کی ملٹری کاؤنٹر انٹیلیجنس کی حکمت عملی

اگست 2018ء سے اپنے موجودہ منصب پر فائز مارٹینا روزنبرگ نے بتایا کہ وفاقی جرمن فوج کے خلاف غیر ملکی جاسوسی کی سرگرمیاں روسی یوکرینی جنگ سے پہلے بھی کافی زیادہ ہو چکی تھیں۔

جرمنی میں روس کے لیے جاسوسی کرنے والا برطانوی شہری گرفتار

انہوں نے اپنے ادارے کی حکمت عملی کی وضاحت کرتے ہوئے کہا، ''ہماری کارکردگی کا محور ملک میں جاسوسی کی غیر ملکی سرگرمیوں کا پتہ چلانا ہے، موجودہ حالات میں خاص طور پر روسی اور چینی خفیہ اداروں کی طرف سے، تا کہ ان کا ابتدائی مراحل ہی میں سراغ لگاتے ہوئے اور قومی اور بین الاقوامی پارٹنر انٹیلیجنس اداروں کے تعاون سے مؤثر اور قبل از وقت تدارک کیا جا سکے۔‘‘

م م / ش ح (ڈی پی اے، ڈی پی اے کیو)