1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن فٹ بال پر ہالینڈ کا سایہ

9 اگست 2010

جرمنی میں فٹ بال کے شعبے میں بہترین کھلاڑی اور کوچ کے ناموں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اس مرتبہ ہالینڈ سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی آرین روبن بہترین فٹ بالر اور بہترین کوچ ہالینڈ ہی کے لوئس فان گال قرار پائے ہیں۔

https://p.dw.com/p/OfWt
اس سال کے بہترین کھلاڑی اور کوچ دونوں کا تعلق ہالینڈ سے ہےتصویر: AP

جرمنی میں فٹ بال کے شعبے میں بہترین کھلاڑی اور کوچ کے ناموں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اس مرتبہ ہالینڈ سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی آرین روبن بہترین فٹ بالر قرار پائے ہیں۔ آرین روبن جرمن فٹ بال کلب بائرن میونخ کی جانب سے کھیلتے ہیں۔ یہ مسلسل تیسری مرتبہ ہے کہ جرمنی میں بہترین فٹ بالر کا اعزاز کسی غیر ملکی کھلاڑی کو دیا گیا ہے۔

2008ء میں بائرن میونخ ہی کی ٹیم میں شامل فرانسیسی کھلاڑی فرانک ریبیری اور2009ء میں وولفسبرگ کی جانب سے کھلینے والے گرافٹی فٹ بالر آف دی ایئر قرار پائے تھے۔ 26 سالہ روبن ہالینڈ سے تعلق رکھنے والے پہلے کھلاڑی ہیں، جو اس اعزاز کے حقدار قرار پائے ہیں۔

بائرن میونخ کی ٹیم کے کوچ لوئس فان گال نے کہا کہ روبن کا انتخاب بالکل صحیح فیصلہ ہے اور اس کا ثبوت یہ ہے کہ رائے شماری میں انہیں445 ووٹ ملے، جواس مقابلے میں شریک دیگر کھلاڑیوں پر ایک واضح سبقت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جرمن فٹ بال لیگ کے گزشتہ سیزن میں روبن نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور انتہائی اہم مواقع پر فیصلہ کن کارکردگی دکھائی۔ گزشتہ سیزن کے چوبیس میچوں میں روبن نے سولہ گول کئے جبکہ سات ان کی مدد سے کئے گئے۔ جرمن کھلاڑی باستیان شوائن سٹائیگر180 ووٹوں کے ساتھ دوسرے، تھوماس مُلر118 ووٹوں کے ساتھ تیسرے جبکہ جرمن قومی ٹیم کے کپتان فلیپ لاہم 35 ووٹوں کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہے۔ پانچویں پوزیشن پر ایڈن زیکو وہ واحد کھلاڑی ہیں، جن کا تعلق بائرن میونخ کلب سے نہیں ہے۔

Bundesliga Vereinslogo FC Bayern München Grafik
بہترین کھلاڑیوں کی فہرست میں چار کا تعلق میونخ کلب سے ہے

ایسا لگتا ہے کہ جرمنی کے فٹ بال سیزن میں صرف کھلاڑیوں کے حوالے سے ہی نہیں بلکہ کھیل کے دیگر شعبوں میں بھی بائرن میونخ کلب ہی چھایا رہا۔ بائرن میونخ ٹیم کےکوچ لوئس فان گال کو سال کے بہترین ٹرینر کا اعزاز دیا گیا ہے۔ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ جرمنی میں کوئی غیر ملکی کوچ اس ایوارڈ کا حق دار قرار پایا ہے۔ دوسرے نمبر پر شالکےکے کوچ فیلکس ماگاتھ جبکہ جرمن قومی فٹ بال ٹیم کے ٹرینر یوآخم لوو اس لسٹ میں تیسرے نمبر پر ہیں۔ خواتین میں گزشتہ برس کی طرح اس سال بھی انِکے گرنگز سال 2009 اور 10 کی بہترین کھلاڑی قرار پائی ہیں۔ جرمنی میں فٹ بال میگزین کِکر کی جانب سے یہ ایوراڈ ہر سال دئے جاتے ہیں اور اس میں اسے شعبے سے منسلک صحافیوں کی رائے کے بعد فیصلہ کیا جاتا ہے۔

رپورٹ: عدنان ا سحاق

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں