1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن فٹ بال کپ، پری کوارٹر فائنل مرحلے کا آغاز

21 دسمبر 2011

جرمنی کے معتبر فٹ بال ٹورنامنٹ ’جرمن کپ‘ کے پری کوارٹر فائنل مقابلوں کے سلسلے میں منگل کو کھیلے گئے میچوں میں بائرن میونخ، ڈورٹمنڈ، گروئتھر فیورتھ اور ہوفن ہائم نے اپنے اپنے میچوں میں کامیابی حاصل کر لی۔

https://p.dw.com/p/13Wob
تصویر: AP

بنڈس لیگا کے موسم خزاں کی چیمپئن ٹیم بائرن میونخ نے بوخم کی ٹیم کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے دی۔ بنڈس لیگا کے رواں سیزن میں عمدہ کارکردگی دکھانے والی ٹیم میونخ کے لیے یہ میچ آسان ثابت نہ ہوا۔ اس میچ میں بوخم کے کھلاڑیوں نے اچھا کھیل پیش کیا اور یہ مقابلہ آخری لمحات تک ایک ایک گول سے برابر تھا کہ آخری منٹ میں Arjen Robben نے گول کر کے میونخ کو جیت دلوا دی۔

اس میچ میں بوخم کی طرف سے Federico نے چھبیسویں منٹ میں گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلوائی، جو ٹونی کراؤس نے 52 ویں منٹ میں ختم کی۔ اس کے بعد دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کی گول پوسٹوں پر کئی جاندار حملے کیے لیکن کوئی گول نہ ہو سکا۔ تب یوں معلوم ہو رہا تھا کہ یہ میچ اضافی وقت میں چلا جائے گا لیکن کھیل کے 91 ویں منٹ میں روبن نے گول داغ دیا اور اپنی ٹیم کو کوارٹر فائنل مرحلے میں داخل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

Fußball DFB-Pokal Achtelfinale VfL Bochum FC Bayern München Robben
بائرن میونخ کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کرنے کے بعد خوشی میںتصویر: dapd

جرمن کپ کے سلسلے میں منگل کو کھیلے گئے ایک اور اہم میچ میں بنڈس لیگا کی دفاعی چیمپئن ٹیم ڈورٹمنڈ نے ایک صحت مند مقابلے کے بعد ڈسلڈورف کی ٹیم کو پنلٹی شوٹ آؤٹ پر شکست دی۔ ڈورٹمنڈ کی ٹیم نے اس میچ میں قریب ایک گھنٹے تک دس کھلاڑیوں سے ڈسلڈورف کا مقابلہ کیا۔ یہ میچ اضافی وقت میں بھی گیا لیکن دونوں ٹیمیں کوئی گول نہ کر سکیں۔ جب پنلٹی شوٹ آؤٹ کا وقت آیا تو ڈورٹمنڈ نے یہ مقابلہ چار کے مقابلے میں پانچ گول سے جیت لیا۔

منگل کو کھیلے گئے دیگر دو میچوں میں نیورمبرگ نے بنڈس لیگا کے درجہ دوم میں شامل ٹیم Greuther Fuerth کو ایک صفر سے مات دی جبکہ ہوفن ہائم نے آؤگسبرگ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرا دیا۔ جرمن کپ کے کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کرنے والی یہ چار پہلی ٹیمیں ہیں۔

آج یعنی بدھ کو جرمن کپ میں تیسرے مرحلے یا پری کوارٹر فائنل کے مقابلوں میں مزید چار میچ کھیلے جا رہے ہیں۔ ان میں برلن کی ٹیم کائزرز لاؤٹرن کے مد مقابل ہو گی، مائنز اور کِیل ایک دوسرے کے ساتھ پنجہ آزمائی کریں گے، اشٹٹ گارٹ اور ہیمبرگ کے مابین بھی ایک میچ کھیلا جائے گا جبکہ مؤنشن گلاڈ باخ کی ٹیم جرمن کپ کی دفاعی چیمپئن شالکے کے مقابلے میں میدان میں اترے گی۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: مقبول ملک