جرمن کپ: دفاعی چیمپئن ڈورٹمنڈ کو شکست
28 فروری 2013جرمن کپ کی دفاعی چیمپئن ڈورٹمنڈ کی ٹیم نے میونخ شہر میں کھیلے جانے والے کوارٹر فائنل میچ میں اُس کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا جو اس نے گزشتہ برس پیش کی تھی۔ اسی باعث جرمنی کے ریکارڈ ساز فٹ بال کلب بائرن میونخ نے اپنے ہوم گراؤنڈ میں دفاعی چیمپئن کو شکست دی۔
اس میچ کو71 ہزار شائقینِ فٹ بال دیکھ رہے تھے۔ اس میچ کا واحد اور فیصلہ کن گول پہلے ہاف کے 43 ویں منٹ میں ولندیزی فارورڈ کھلاڑی ارژن روبن (Arjen Robben) نے کیا۔ بائرن میونخ کلب کی انتظامیہ نے روبن کو فرانسیسی کھلاڑی فرانک ریبیری (Franck Ribery) کی ایک میچ کے لیے معطلی کی وجہ سے ٹیم میں شامل کیا تھا۔
جرمن کپ کے آخری کوارٹر فائنل میچ میں مجموعی طور پر دفاعی کھیل کا مظاہرہ دیکھنے کو ملا۔ میچ میں جارحانہ موومنٹ قدرے کم رہیں۔ ڈورٹمنڈ کے خلاف بائرن میونخ کی مسلسل فتوحات کی تعداد اب چھ ہو گئی ہے۔ کوارٹر فائنل میچ ہارنے کے بعد ڈورٹمنڈ کی ٹیم جرمن کپ کے دفاع سے محروم ہوتے ہوئے ٹورنامنٹ سے بھی باہر ہو گئی ہے۔
جرمن کپ کا تیسرا کوارٹر فائنل میچ اشٹٹ گارٹ اور بوخم کلب کے درمیان کھیلا گیا۔ بوخم کی ٹیم جرمن بنڈس لیگا کے دوسرے لیول سے تعلق رکھتی ہے۔ بدھ کے روز کھیلے جانے والے کوارٹر فائنل میچ میں اشٹٹ گارٹ نے بوخم کلب کو دو گول سے ہرایا۔ اشٹٹ گارٹ نے سن 2007 میں بنڈس لیگا کی قومی چیمپئن شپ جیتی تھی۔ اس طرح سن 2007 کے بعد اشٹٹ گارٹ کی ٹیم پہلی مرتبہ کسی اہم اور فیصلہ کن مرحلے تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔
جرمن کپ کا تیسرا کوارٹر فائنل میچ اشٹٹ گارٹ میں کھیلا گیا جہاں 20 ہزار شائقین موجود تھے۔ اپنے ہوم کراؤڈ کے سامنے اشٹٹ گارٹ کی پرفارمنس قدرے بہتر رہی۔ ایسے اندازے بھی لگائے گئے تھے کہ بوخم کی ٹیم تشکیل نو کے مرحلے سے گزرتی اشٹٹ گارٹ کلب کو سخت مقابلہ دے گی لیکن ایسا ممکن نہ ہو سکا۔ میچ کا پہلا گول پہلے ہاف کے اٹھارہویں منٹ میں کرسٹیان گینٹنر (Christian Gentner) نے کیا۔ اس گول کے بعد ایسا دکھائی دیتا تھا کہ اشٹٹ گارٹ اسی ایک گول کا دفاع کرے گی۔ میچ کے 81 ویں منٹ میں ایک اور گول نے بوخم کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ یہ گول بوسنیائی فارورڈ کھلاڑی ویداد ابیشیوچ (Vedad Ibisevic) نے کیا۔
جرمن کپ کے دو سیمی فائنل میچ اپریل کی سولہ اور سترہ تاریخوں کو کھیلے جائیں گے۔ ان کے مقام کا تعین ہونا ابھی باقی ہے۔ جرمن کپ کا فائنل میں پہلی جون کو ہوگا۔ روایت کے مطابق یہ فائنل میچ جرمن دارالحکومت برلن کے اولمپک اسٹیڈیم میں ہو گا۔
(ah/shs(AFP, AP