جے وردھنے کے کیریئر کا اختتام فتح کے ساتھ
18 اگست 2014پاکستان نے پیر 18 اگست کے روز ٹیسٹ کے آخری روز اننگز کا آغاز 127 رنز سات کھلاڑی آؤٹ پر کیا۔ اس موقع پر پاکستان کی جیت کے امکانات تقریباً معدوم ہو چکے تھے اور صرف بارش ہی کی صورت میں یہ میچ بغیر کسی فیصلے کے ختم ہو سکتا تھا۔ ٹیم کا کوئی بھی ابتدائی بلے باز کریز پر زیادہ دیر نہ رک سکا۔ پاکستان کی جانب سے سرفراز احمد نے پہلی اننگز میں سنچری اسکور تھی اور دوسری اننگز میں بھی وہ 55 رنز کے ساتھ نمایاں کھلاڑی تھے۔
پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض آؤٹ ہونے والے آخری بیٹسمین تھے،جنہوں نے سترہ رنز اسکور کیے۔ دوسری اننگز میں پاکستانی فاسٹ بالر جنید خان سر پر چوٹ لگ جانے کی وجہ سے بیٹنگ نہ کر سکے۔ پاکستانی فاسٹ بالرز نے دوسری اننگز میں متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ میزبان ٹیم کی آخری آٹھ وکٹیں صرف 105رنز کا اضافہ کر سکیں۔ دوسری جانب سری لنکا کے بالرز نے بھی اپنی ٹیم کے لیے ایسی ہی کاردگی کا مظاہرہ کیا۔
سری لنکا کے کھلاڑی مہیلا جے وردھنے کے کیریئر کا یہ آخری ٹیسٹ میچ تھا۔ ٹیسٹ میچ شروع ہونے سے قبل انہوں نے اپنے ایک ٹویٹر پیغام میں شائقین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین نہیں آ رہا کہ ان کا کرکٹ کیریئر اختتام پذیر ہو رہا ہے۔ 37 سالہ جے وردھنے نے کرکٹ کے اپنے سترہ سالہ کیریئر میں 149 ٹیسٹ میچز میں 11,814رنز بنائے اور ان میں34 سنچریاں بھی شامل ہیں۔ انہوں نے اپنے آخری ٹیسٹ اننگز میں 54 رنز بنائے، جو ان کی ٹیسٹ میچوں میں پچاسویں نصف سنچری تھی۔ ٹیسٹ میچ ختم ہوتے ہی سری لنکن ٹیم کے کھلاڑیوں نے جے وردھنے کو کندھوں پر اٹھا لیا۔
اس ٹیسٹ میچ میں رنگانا ہیراتھ نے چودہ وکیٹں حاصل کیں۔ دوسری اننگز میں57 رنز کے بدلے پانچ وکٹوں کے باعث ہی سری لنکا پاکستان کو 105رنز سے شکست دے سکا۔ پاکستان کو جیتنے کے لیے271 رنز کی ضرورت تھی اور پوری ٹیم 165 کے اسکور پر ہی آؤٹ ہو گئی۔ ہیراتھ نے مجموعی طور پر 184رنز دے کر 14 وکٹیں لیں۔ اس سے قبل انہوں نے کسی ٹیسٹ میچ میں بہترین بالنگ بنگلہ دیش کے خلاف کی تھی اور ان کا ریکارڈ 157 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کرنے کا تھا۔ دو ٹیسٹ میچوں کی اس سیریز میں انہوں نے کل 23 وکیٹں حاصل کیں۔