1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دفاعی چیمپئن بھارت سیمی فائنل میں پہنچ گیا

افسر اعوان19 مارچ 2015

کرکٹ ورلڈ کپ 2015ء کے سلسلے میں جمعرات کو کھیلے گئے دوسرے کوارٹر فائنل میں بھارت نے بنگلہ دیش کو 109 رنز سے شکست دے دی ہے۔ اس فتح کے ساتھ بھارت سیمی فائنل مرحلے میں پہنچ گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1EtBc
تصویر: Getty Images/D. Kalisz

آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں کھیلے گئے اس دوسرے کوارٹر فائنل میں بھارتی کپتان مہیندرا سنگھ دھونی ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ بھارتی اوپنرز نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو ایک مضبوط آغاز فراہم کیا۔ بھارت کی پہلی وکٹ 75 کے مجموعی اسکور پر گِری جب شیکھر دھون 30 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔

تاہم دوسرے اوپنر روہت شرما نے 137 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور بھارت کو کُل 302 رنز کے اسکور تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ بھارت کی طرف سے دوسرے نمایاں ترین بیٹسمین سریش رائنا رہے، جنہوں نے 65 رنز بنائے۔ تاہم کپتان دھونی آج کوئی بڑی اننگز نہ کھیل سکے اور محض چھ رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ بھارت نے مقررہ 50 اوررز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 302 رنز بنائے۔

World Cup Cricket 2015 Indien MS Dhoni
بھارت کا مقابلہ اب سیمی فائنل میں پاکستان یا آسٹریلیا میں سے کسی ایک ٹیم کے ساتھ ہو گاتصویر: Getty Images/D. Kalisz

بنگلہ دیش کے کامیاب ترین بالر تسکین احمد رہے جنہوں نے 10 اوورز میں 69 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔ مرتضٰی، شکیب الحسن اور روبل حسین کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

بنگلہ دیش نے جیت کے لیے 303 رنز کے ہدف میں بیٹنگ کی ابتداء کافی بہتر انداز میں کی۔ بنگلہ دیش کی پہلی وکٹ 33 کے مجموعی اسکور پر گری، جس کے بعد کوئی بھی بیٹسمین جیت کے لیے درکار غیر معمولی کارکردگی نہ دکھا سکا اور بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 45ویں اوور میں 193 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ بنگلہ دیش کی طرف سے سب سے زیادہ اسکور ناصر حسین نے بنائے، جو 35 رنز تھے۔

بھارتی بولر اُمیش کمار یادیو نے چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد شامی اور جدیجہ نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ مُہیت شرما نے ایک وکٹ حاصل کی۔

بھارت کا مقابلہ اب سیمی فائنل میں پاکستان یا آسٹریلیا میں سے کسی ایک ٹیم کے ساتھ ہو گا۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کوارٹر فائنل میچ جمعہ 20 مارچ کو ایڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا۔ چوتھا اور آخری کوارٹر فائنل میچ ویلنگٹن میں نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ہونا ہے۔ کرکٹ ورلڈ کپ 2015 کا فائنل 29 مارچ کو ہوگا۔