دنيا کے مختلف ممالک و خطوں ميں عيد الفطر کے مناظر
يورپ سميت دنيا کے کئی خطوں ميں چار جون کو عيد الفطر منائی گئی جبکہ کئی خطوں ميں عيد پانچ جون کو منائی جائے گی اور عید کی تيارياں جاری ہيں۔ ڈی ڈبليو نے عيد کی تقريبات و تياريوں کی تصاوير پر مبنی گيلری ترتيب دی ہے۔
پشاور ميں عيد الفطر
يہ تصوير چار جون کی صبح پشاور ميں عيد الفطر کی نماز کے وقت لی گئی ہے۔ گو کہ پاکستانی کے بيشتر حصوں ميں عيد ممکنہ طور پر پانچ جون کو منائی جانی ہے تاہم پشاور ميں آج بروز منگل عيد ہے۔
عقيدت و احترام کا جذبہ
پاکستانی شہر پشاور ميں عيد کی نماز کے وقت کا ايک منظر۔ تصوير ميں ايک بزرگ مرد کو بيٹھ کر نماز پڑھتے ديکھا جا سکتا ہے۔ ساتھ ہی ايک چھوٹے بچے کو بھی ديکھا جا سکتا ہے۔ رمضان اور عيد الفطر کے موقع پر اکثر اہل خانہ کے بالغ افراد بچوں کو مذہبی عقائد و روايات کا درس ديتے اور ان پر عمل کرتے دکھائی ديتے ہيں۔
گلے ملنے کی روايت
عيد الفطر کی نماز کے بعد گلے ملنا کئی مسلم ملکوں و معاشروں کی ايک روايت ہے۔ مرد حضرات نماز ادا کرنے کے بعد گلے مل کر ايک دوسرے کو مبارک باد ديتے ہيں۔ يہ تصوير افغان دارالحکومت کابل ميں چار جون کی صبح لی گئی ہے۔
مہندی، چوڑياں اور عيدی، بچوں کے مزے دوبالا
پاکستان اور بھارت ميں مقيم مسلمان خاندانوں کے ہاں عورتيں اور بچياں عيد کے موقع پر مہندی لگاتی ہيں اور رنگ برنگی چوڑياں پہنتی ہيں۔ عام روايت يہی ہے کہ بالغ افراد اہل خانہ ميں اپنے سے چھوٹوں کو عيدی بھی ديتے ہيں۔ اس تصوير ميں عيد کی تياری کے سلسلے ميں کشمير سے تعلق رکھنے والی ايک بچی اپنے ہاتھوں پر لگی مہندی دکھا رہی ہے۔
اپنوں سے ملنے کا موقع
عيد الفطر کے موقع پر خاندان اکھٹے ہوتے ہيں۔ کئی ملکوں و خطوں ميں اپنے گھروں سے دور شہروں اور بيرون ملک میں مقیم افراد اس موقع پر اپنے اپنے گھروں کا رخ کرتے ہيں تاکہ عيد اپنوں کے ساتھ منائی جا سکے۔ يہ تصوير بنگلہ ديشی دارالحکومت ڈھاکہ کی ہے۔ ٹرين پر سوار افراد عيد کی چھٹياں گزارنے اپنے گھروں کی طرف جا رہے ہيں۔
روس ميں عيد
يہ تصوير روسی دارالحکومت ماسکو کی ايک مسجد کی ہے۔ نمازيوں کی ايک بڑی تعداد کو عيد الفطر کی نماز ادا کرتے ہوئے ديکھا جا سکتا ہے۔
ترکی ميں عيد
ترکی ميں عيد الفطر چار جون کو منائی جا رہی ہے۔ يہ تصوير استنبول کی سليمانيے مسجد کی ہے، جس ميں نمازيوں کو سجدے کے وقت ديکھا جا سکتا ہے۔
جرمنی سميت يورپ ميں عيد
جرمنی سميت يورپ ميں بھی عيد الفطر آج بروز منگل چار جون منائی جا رہی ہے۔ اس تصوير ميں جرمن دارالحکومت برلن کی ايک مسجد کو ديکھا جا سکتا ہے۔