دورہٴ سری لنکا، پاکستانی کرکٹ ٹیم کا اعلان
3 جون 2015اوپنر احمد شہزاد اور شان مسعود کی واپسی ہوئی ہے جبکہ نوجوان ابھرتے ہوئے بیٹسمین بابر اعظم کو موقع دیے بغیر ہی سلیکٹرز نے ٹیم سے باہر دیا۔ ایک اہم تبدیلی یہ ہے کہ مایہ ناز آف اسپنر سعید اجمل کو ڈراپ کر دیا گیا ہے۔
سمیع اسلم بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں میں سینتالیس رنز بنا سکے تھے، ان کی جگہ شان مسعود کی شمولیت ہوئی ہے۔ پچیس سالہ شان مسعود نے گزشتہ ماہ پاکستان اے کی جانب سے سری لنکا اے ٹیم کے خلاف دمبولہ کے غیر سرکاری ٹیسٹ میں ایک سو بیاسی رنز کی اننگز کھیلی تھی۔
احمد شہزاد، جنہیں نظم و ضبط کی پاسداری نہ کرنے پر بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر کیا گیا تھا، ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ بیس سالہ بابر اعظم، جنہوں نے زمبابوے کے خلاف گزشتہ ہفتے اپنے ڈیبیو میچ میں نصف سینچری بنائی اور بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سکواڈ کا بھی حصہ تھے، اُنہیں اب کوئی ٹیسٹ میچ کھلائے بغیر ہی نظر انداز کر دیا گیا۔
میڈیم پیسر احسان عادل بھی ہیمسٹرنگ انجری سے چھٹکارا پانے کے بعد سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ سلیکٹرز نے سترہ جون سے گال میں شروع ہونے والی تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے ٹیم میں احسان عادل کے علاوہ تین دیگر فاسٹ باؤلرز وہاب ریاض، جنید خان اور عمران خان کو بھی شامل کیا ہے البتہ راحت علی اور سہیل خان کے بارے میں چیف سلیکٹر ہارون رشید کا کہنا تھا کہ دونوں باؤلرز زخمی ہونے کی وجہ سے تاحال دستیاب نہیں۔
سلیکٹرز نے سری لنکا اے کے خلاف عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے باوجود مڈل آرڈر بیٹسمین فواد عالم اور عمر امین کو سکواڈ کا حصہ نہیں بنایا۔ سعید اجمل، جو بنگلہ دیش کے دورے میں صرف دو وکٹیں حاصل کر سکے تھے، اپنے کیریئر میں پہلی بار دستیاب ہونے کے باوجود ٹیسٹ سکواڈ سے باہر ہوئے ہیں۔
عام خیال یہی ہے کہ اپنے باؤلنگ ایکشن کی اصلاح کے بعد سعید اجمل کی باؤلنگ میں وہ پہلے جیسی کاٹ باقی نہیں رہی۔ چیف سلیکٹر ہارون رشید کا کہنا تھا کہ ٹیم کا انتخاب کرتے ہوئے سلیکٹرز کھلاڑیوں کی موجودہ فارم اور فٹنس کے علاوہ حالیہ کارکردگی کو بھی سامنے رکھا گیا۔
ٹیم ان کھلاڑیوں پر متشمل ہے: مصباح الحق کپتان، اظہر علی نائب کپتان، محمد حفیظ، احمد شہزاد، شان مسعود، اسد شفیق، یونس خان، سرفراز احمد، یاسر شاہ، ذوالفقار بابر، عمران خان، وہاب ریاض، حارث سہیل، جنید خان اور احسان عادل۔
پاکستانی ٹیم جون کی نو تاریخ کو سری لنکا روانہ ہو گی۔ دریں اثناء پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہر یار محمد خان نے لاہور میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زمبابوے کے دورے سے پاکستان پر کرکٹ کا بڑا دروازہ کھل گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے ان میچوں میں جو دلچسپی لی، وہ مثالی تھی اور یہ سیریز دنیا بھر میں آئی پی سے بھی زیادہ دیکھی گئی۔
شہر یار خان کے مطابق سری لنکا نے پاکستان کے دورے کی حامی نہیں بھری لیکن ان کی جونیئر ٹیموں کو پاکستان آنے کی دعوت دی ہے۔ شہر یار خان کے مطابق اگر پاک بھارت سیریز نہ ہو سکی تو اس کی متبادل سیریز کا بھی بندوبست کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک بھارت سیریز میں نشریاتی حقوق سمیت دو رکاوٹیں حائل ہیں، جو جلد دور ہو جائیں گی۔