دہلی،ارون جیٹلی علالت کے باعث حکومتی خدمات سے گریزاں
29 مئی 201966 سالہ ارون جیٹلی بھارتی حکومت کے اہم رکن ہیں اور بحثیت وزیر خزانہ کے اپنی خدمات دے رہے ہیں۔ ارون جیٹلی کی جانب سے حکومت کو جو خط لکھا گیا بعد ازاں اسے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بھی پوسٹ کیا گیا۔ خط میں لکھا گیا ہے، ’’میں اپنے آپ کو سرکاری ذمہ داریوں سے دور رکھنا چاہتا ہوں اور فی الوقت اپنی صحت اور علاج پر توجہ دینا چاہتا ہوں۔‘‘
ارون جیٹلی نے پچھلے سال مئی میں گردہ ٹرانسپلانٹ کرایا تھا۔ وزیرِ خزانہ کینسر کے مرض میں مبتلا ہیں اور وہ رواں برس علاج کے لیے امریکا بھی گئے تھے، جہاں انہوں نے ایک آپریشن کرانا تھا۔ ارون جیٹلے نے اپنے حکومتی خط میں لکھا،’’میں رسمی طور پر آپ کو یہ خط لکھ کر درخواست کرنا چاہتا ہوں کہ مجھے اپنے علاج کے لیے مناسب وقت درکار ہوگا۔ مکمل علاج کے بغیر میں اپنے فرائض سر انجام نہیں دے پاؤں گا۔‘‘
ساتھ ہی ارون جیٹلی نے چھ ہفتے کے طویل انتخابات کے بعد نریندر مودی کو بھارتیہ جنتا پارٹی کی شاندار کامیابی پر مبارک باد دی۔ بی جے پی نے 542 میں سے 303 پارلیمانی نشستوں کو دوسری پانچ سالہ مدت کے لیے اپنے نام کیا۔
ارون جیٹلی پیشے کے اعتبار سے وکیل تھے، تاہم بعد میں سیاست کے میدان میں کودے۔حکومت میں آتے ہی انہوں ٹیکس کے حوالے سے پالیساں بنائیں۔ اس کے علاوہ ارون جیٹلی مختلف امور پر حکومتی رائے بھی دیتے دکھائی دیے۔