راجر فیڈرر: ایک ہزار بین الاقوامی میچوں کے فاتح
12 جنوری 2015برسبین اوپن میں شاندار کامیابی کے بعد ماہرین کا خیال ہے کہ راجر فیڈرر اب رواں برس کے پہلے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ آسٹریلین اوپن میں انتہائی باوقارانداز میں داخل ہو سکیں گے۔ برسبین اوپن بین الاقوامی ٹورنامنٹ ہے اور اِس میں کامیابی کے پوائنٹس عالمی درجہ بندی میں شمار کیے جاتے ہیں۔ فیڈرر اِس وقت عالمی رینکنگ میں دوسری پوزیشن رکھتے ہیں۔ آسٹریلین اوپن رواں مہینے کی انیس تاریخ سے شروع ہو رہا ہے۔ اِس کا فائنل پہلی فروری کو کھیلا جائے گا۔
ٹینس کھیل میں راجر فیڈرر وہ تیسرے کھلاڑی ہیں جو ایک ہزار میچز جیت پائے ہیں۔ اُن سے قبل امریکی اسٹار جِمی کونرز اور ایوان لینڈل یہ کارنامہ انجام دے سکے ہیں۔ جِمی کونرز نے اپنے پیشہ ورانہ کیریر کے دوران 1253 میچز جیتنے کا اعزار حاصل کیا تھا۔ اس طرح وہ دنیا میں سب سے زیادہ بین الاقوامی میچ جیتنے والی کھلاڑی ہیں۔ ایوان لینڈل کا تعلق سابقہ چیکوسلوواکیہ سے ہے اور اب وہ امریکی شہریت اختیار کر چکے ہیں۔ لینڈل نے 1071 میچوں میں کامیابی حاصل کی تھی۔
برسبین میں کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ میں راجر فیڈرر کو کینیڈا سے تعلق رکھنے والے طویل قامت کھلاڑی میلوش راونِچ کا سامنا تھا۔ چھ فیٹ پانچ اِنچ کا قد رکھنے والے راؤنچ زوردار سروس کے لیے بھی مشہور ہیں۔ بنیادی طور پر راؤنچ کا تعلق سابقہ یوگوسلاویہ کی ریاست مونٹینگرو سے ہے۔ انہوں نے میچ میں فیڈرر کو خاصا سخت مقابلہ دیا۔ برسبین اوپن کا فائنل میچ دو گھنٹے اور تیرہ منٹ تک جاری رہا۔ اِس میچ کا دوسرا سیٹ کانٹے دار رہا اور اِس کا فیصلہ ٹائی بریک پر ہوا۔ تینتیس سالہ فیڈرر کے بارے میں ماہرین کی رائے ہے کہ اب اُن کا کھیل قدرے رُو بہ زوال ہے۔
فائنل میچ جیتنے کے بعد لیجنڈری کھلاڑی رائے ایمرسن نے فیڈرر کو ٹرافی تھمائی۔ ایمرسن بارہ گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ جیتنے والے آسٹریلوی کھلاڑی ہیں۔ ایک اور لیجنڈی کھلاڑی راڈ لیور نے فیڈرر کو ایک ہزارواں میچ جیتنے پر خصوصی فوٹو فریم پیش کیا۔ راڈ لیور ٹینس تاریخ کے واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے دو مرتبہ سال کے چاروں گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ جیتے تھے۔ اِس موقع پر راجر فیڈررکا کہنا تھا کہ یہ انتہائی اہم لمحات ہیں اور کئی برسوں میں اتنی بے شمار ٹینس کھیلنے کے بعد میں مشکل سے ایک ہزار میچ جیتنے کا اہل ہوا ہوں۔ فیڈرر نے برسبین اوپن کو اپنے کیریئر کا یادگار میچ بھی قرار دیا۔