1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

راجر فیڈرر ومبلڈن سے باہر

30 جون 2011

فرانس کے ژو ویلفریڈ سونگا نے چھ مرتبہ چیمپیئن شپ جیتنے والے راجر فیڈرر کو ومبلڈن سے باہر کر دیا ہے۔ رافائل نادال بھی سیمی فائنل میں پہنچ گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/11m8l
راجر فیڈررتصویر: dapd

ومبلڈن کے اس میچ میں سونگا نے بدھ کو فیڈرر کو 3-6, 6-7 (3/7), 6-4, 6-4, 6-4 سے شکست دی۔ اب وہ سیمی فائنل میں نوواک جوکووچ کا سامنا کریں گے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے اپنی ایک رپورٹ میں لکھا ہے کہ اس شکست سے فیڈرر کے بارے میں ایسے شکوک و شبہات جنم لیں گے کہ وہ گرینڈ سلیم میں اپنی کامیابیوں کی تعداد سولہ سے آگے لے جانے کی اہلیت رکھتے ہیں، جن میں سے آخری انہوں نے گزشتہ برس کے آسٹریلیں اوپن میں جیت کر حاصل کی۔

یہ خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پیٹ سمپراس کی جانب سے سات مرتبہ ومبلڈن کا ٹائٹل جیتنے کا ریکارڈ برابر کرنا اب انتیس سالہ سوئس کھلاڑی فیڈرر کے لیے مشکل ہو گیا ہے۔

گزشتہ برس بھی فیڈرر ومبلڈن کے کوارٹر فائنل میں ہار گئے تھے۔ تاہم ان کا اب بھی یہ ماننا ہے کہ وہ کوئی بڑا ٹائٹل جیت سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا: ’’میرا خیال ہے کہ میں یقینی طور پر ایسا کر سکتا ہوں، بالکل کر سکتا ہوں۔ اگر ایسا نہ ہوتا تو میں اس جگہ موجود ہی نہ ہوتا۔‘‘

فیڈرر نے مزید کہا: ’’میں صحت مند ہوں۔ حالانکہ آج مجھے بڑی ہار کا سامنا کرنا پڑا، کسی بھی طرح میرا حوصلہ نہیں ٹُوٹا۔ میں پہلے سے زیادہ سخت محنت کروں گا اور آئندہ ہفتے ڈیوس کپ میں اور مضبوطی سے سامنے آؤں گا۔‘‘

BdT Jo-Wilfried Tsonga beim Tennisturnier in Australien
ژو ویلفریڈ سونگاتصویر: AP

سونگا گزشتہ برس کوارٹر فائنل میں ہار گئے تھے۔ انہوں نے بدھ کی جیت کے بعد کہا کہ اپنی کارکردگی پر وہ خود بھی حیران رہ گئے۔ انہوں نے کہا: ’’یہ بہت حیرت انگیز تھا۔ میں نے غیریقینی کھیل کا مظاہرہ کیا۔ راجر کے خلاف کھیل کبھی آسان نہیں۔ میں بہت خوش ہوں، یہ پاگل پن جیسا ہے۔‘‘

اُدھر بدھ کو ومبلڈن میں رافائل نادال نے بھی مارڈی فِش کو ہرا کر ومبلڈن کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔ وہ سیمی فائنل میں اینڈی مرے کا سامنا کریں گے۔

رپورٹ: ندیم گِل/خبر رساں ادارے

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں