1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

رچرڈ پائبس بنگلہ ديشی کرکٹ ٹيم کے کوچ مقرر

30 مئی 2012

بنگلہ ديش کرکٹ بورڈ کے مطابق رچرڈ پائبس کو اگلے دو سال کے ليے قومی کرکٹ ٹيم کا ہيڈ کوچ مقرر کر ديا گيا ہے۔

https://p.dw.com/p/154Ze
تصویر: Reuters

بنگلہ ديش کرکٹ بورڈ کے قائم مقام چيف ایگزيکٹو نظام الدين چوھدری نے آج بدھ کے روز خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتايا کہ انگلينڈ ميں پيدا ہونے والے رچرڈ پائبس کو قومی ٹيم کی کوچنگ کے فرائض سونپ ديے گئے ہيں۔ نظام الدين چوھدری نے مزيد بتايا، ’پائبس نے اس معاہدے کی تصديق کی ہے اور ہميں اميد ہے کہ وہ جون کے پہلے ہفتے ميں يہاں آ کر اپنی ذمہ دارياں سنبھال ليں گے‘۔

رچرڈ پائبس سے پہلے بنگلہ ديش کی کرکٹ ٹيم کی کوچنگ کی ذمہ داری سابق آسٹريلوی کرکٹر اسٹؤرٹ لا نے سنبھالی ہوئی تھی جنہوں نے ذاتی وجوہات کی بنا پر گزشتہ ماہ اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا فيصلہ کيا۔ اسٹؤرٹ لا نو ماہ تک بنگلہ ديش کرکٹ بورڈ سے منسلک رہے۔

رچرڈ پائبس حاليہ دنوں جنوبی افريقا ميں مقيم ہيں۔ بنگلہ ديش کرکٹ بورڈ اور پائبس کے درميان رواں ماہ پائبس کے بنگلہ ديش کے دورے کے بعد سے ہی مذاکرات جاری تھے جو کہ اب اس دو سالہ معاہدے کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچ گئے ہیں۔ بنگلہ ديش کرکٹ بورڈ کے مطابق آغاز ميں يہ معائدہ دو سال کے ليے طے پايا ہے ليکن مستقبل ميں اس معاہدے ميں سن 2015 ميں ہونے والے ورلڈ کپ تک کے ليے توسيع کا آپشن بھی موجود ہے۔

رچرڈ پائبس ايک مرتبہ سن 1999 اور پھر دوسری مرتبہ 2003ء ميں پاکستان کی قومی کرکٹ ٹيم کی کوچنگ کر چکے ہيں۔ وہ مختصر طور پر جنوبی افريقا کے ٹائٹنز اور کلب کوبراز اور انگلش کاؤنٹی کی ٹيم مڈل سيکس کے ساتھ بطور کوچ منسلک رہ چکے ہيں۔

as / ah / reuters