ریال میڈرڈ نے چیمپئنز لیگ کا ٹائٹل جیت لیا
25 مئی 2014پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں ہفتے کی شب کھیلے گئے چیمپئنز لیگ کے فائنل میں کامیابی کے ساتھ اسپین کے تاریخ ساز کلب ریال نے دسویں مرتبہ یہ معتبر ٹائٹل اپنے نام کرنے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ ریال نے کھیل کے اضافی ٹائم میں ایتلیکٹو کا مضبوط دفاع توڑ دیا اور یکے بعد دیگرے تین گول کر دیے۔
کھیل کا پہلا گول ایتلیکٹو کی طرف سے گوڈین نے 35 ویں منٹ کیا اور نوے منٹ تک اپنی برتری برقرار رکھی۔ اس وقت یوں معلوم ہو رہا تھا کہ ہسپانوی لیگ کی فاتح ایتلیکٹو میڈرڈ کی ٹیم یہ میچ جیت چکی ہے۔ جب مقررہ نوے منٹ کا کھیل مکمل ہوا تو ریال کو پانچ منٹ کا (اسٹاپیج ٹائم) اضافی وقت ملا، جس میں راموس نے ایک عمدہ ہیڈ پر گول اسکور کر دیا اور یوں یہ فائنل مقابلہ تیس منٹ کے اضافی وقت میں داخل ہو گیا۔
اضافی وقت میں ریال میڈرڈ نے طاقت جمع کرتے ہوئے اپنے حریف کلب کے گول پر حملے کرنا شروع کر دیے۔ کھیل کے 110 ویں منٹ میں بیل نے گول کر دیا اور یوں ریال اس سنسنی خیز مقابلے میں پہلی مرتبہ برتری حاصل کرنے میں کامیاب ہو گیا۔ یہ امر اہم ہے کہ بیل اور رونالڈو نے مقررہ نوے منٹ کے دوران متعدد مرتبہ گول کرنے کے مواقع ضائع کیے تھے۔
اس فائنل میچ میں ایک گول کے نقصان میں جانے کے بعد ایتلیکٹو نے اپنے تمام کھلاڑی ریال کے ڈی ایریا میں روانہ کر دیے تاکہ گول کیا جا سکے لیکن اسی دوران 118 ویں منٹ میں ریال کے مارسیلیو نے ایک اور گول کر دیا۔ کھیل کے آخری منٹوں میں ریال کو پنلٹی کک ملی، جس پر کرسٹیانو رونالڈو نے بھی گول کر دیا۔ یوں یہ میچ ریال نے ایک کے مقابلے میں چار گول سے جیت لیا۔
ریال میڈرڈ کے کوچ کارلو انچیلوٹی نے بطور کوچ مجوعی طور پر تیسری مرتبہ چیمپئنز لیگ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ 2003 ء اور 2007ء میں اے سی میلان کی کوچنگ کرتے ہوئے انہوں نے اس اطالوی کلب کو چیمپئنز لیگ کا ٹائٹل جتوایا تھا۔ اٹلی سے تعلق رکھنے والے کارلو ایسے پانچویں کوچ بھی بن گئے ہیں، جنہوں نے دو مخلتف کلبوں کی کوچنگ کرتے ہوئے انہیں چیمپئنز لیگ کے فائنل میں کامیابی دلوائی ہے۔
ریال کے کپتان اور گول کیپر کاسی آس نے بھی بطور کھلاڑی تیسری مرتبہ چیمپئنز لیگ کے تین ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ قبل ازیں 2000ء اور سن 2002 میں جب ریال نے اس ٹورنامنٹ میں فتح حاصل کی تھی تو وہ اسی ٹیم کی نمائندگی کر رہے تھے۔