زمبابوے میں سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ پاکستان نے جیت لیا
8 جولائی 2018پاکستان کی اننگز کی خاص بات فخر زمان کے شاندار 91 رنز رہے۔ انہوں نے شعیب ملک کے ساتھ مل کر چوتھی وکٹ کی شراکت میں ایک سو سات رنز بنائے۔ اسی پارٹنز شپ نے پاکستان کی جیت کی بنیاد رکھی۔ شعیب ملک نے ناٹ آؤٹ 43 رنز بنائے۔
پاکستان کی اننگز میں کپتان سرفراز احمد کے اٹھائیس رنز بھی اہم تھے۔ وہ ایسے وقت میں میدان میں اُترے جب دو پاکستانی کھلاڑی صاحبزادہ فرحان اور حسین طلعت بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہو گئے تھے۔ اس صورت حال میں خیال تھا کہ میچ پاکستان کے ہاتھ سے نکل گیا۔ جب یہ دونوں کھلاڑی آؤٹ ہوئے تب پاکستان کا اسکور صرف دو رنز تھا۔
سرفراز احمد اور فخر زمان کی شراکت میں پینتالیس رنز بنے۔ سرفراز چھٹے اوور میں آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد اگلے دس اوورز میں فخر زمان اور شعیب ملک نے دھواں دھار بلے بازی کی اور دس رنز فی اوور کی اوسط کے ساتھ پاکستانی ٹیم کے اسکور میں اضافہ کیا۔
فخر زمان نے 91 رنز بنائے جو ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں اُن کا سب سے زیادہ اسکور ہے۔ اُن کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان کو اگلے چار اوورز میں تیس رنز درکار تھے جو بغیر کسی اور وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیے گئے۔ شعیب ملک کے علاوہ آصف علی 17 کے اسکور پر ناٹ آؤٹ رہے۔
اس فائنل میچ آسٹریلوی ٹیم کے کپتان اے جے فِنچ نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ بیس اوورز میں 183 کا بڑا ٹارگٹ پاکستانی ٹیم کو دیا۔ آسٹریلوی ٹیم کے افتتاحی بیٹسمین ڈی آر سی شارٹ نے 76 اور کپتان فِنچ نے چھیالیس رنز بنائے۔ ان دونوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں پچانوے رنز بنائے گئے۔ ان کے علاوہ آسٹریلیا کے صرف دو مزید کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل ہو سکے۔
پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے چار اوورز میں تین کھلاڑی آؤٹ کیے۔ ان کے علاوہ شاداب خان دوسرے کامیاب ترین بالر تھے اور انہوں نے دو آسٹریلوی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سہ فریقی سیریز میں فخر زمان کو میچ ہی کا نہیں بلکہ سیریز کا بھی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ اس ٹورنامنٹ میں شریک تیسرا ملک زمبابوے تھا اور اُس نے آسٹریلیا اور پاکستان کے خلاف اپنے میچوں میں شکست کھائی تھی۔